اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(بیورورپورٹ،رپورٹنگ ٹیم)جمہوریت ایک قدم اور آگے،عوامی عدالت لگ گئی،کون سنبھالے گا ملک کی باگ ڈور ؟،فیصلہ آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار760رجسٹرڈ مرد و خواتین ووٹرز کریں گے۔
عوام قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 855حلقوں میں آئندہ 5سال کیلئے اپنے امیدواروں کا چناو کریںگے،انتہائی سخت سکیورٹی میںانتخابی سامان پریذائیڈنگ افسروں،پولنگ عملے کے سپرد کر دیا گیا ،الیکشن کمیشن ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے پرامن انتخابات یقینی بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلیں،پاک فوج کے جوانوں اور پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹیاں سنبھال لیں،پولنگ صبح 8سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی،متعدد علاقوں میں کانٹے کامقابلہ متوقع ہے،آزاد امیدوار بھی جیت کیلئے پراعتماد دکھائی دیتے ہیں۔
اسلام آباد قومی 3،پنجاب قومی اسمبلی 141،صوبائی297،سندھ قومی61،صوبائی130،کے پی قومی45،صوبائی115،بلوچستان قومی16اور صوبائی کی 51نشستوں پر میدان سجے گا،الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں مجموعی طور پر90675پولنگ سٹیشنز اور 2لاکھ 66398پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں،16766پولنگ سٹیشن انتہائی حساس ،29985حساس ،44026پولنگ سٹیشنز نارمل قرار دیدئیے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق پہلے درجے میں سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس پھرسول آرمڈ فورسز اور تیسرے درجے میںپاک فوج ہوگی،حساس ترین پولنگ سٹیشنوں کے باہر فوجی جوان تعینات ہوں گے،ای سی پی نے ووٹنگ کاطریقہ کار بھی وضع کردیا،پہلے مرحلے میں پولنگ افسر ووٹر کا اصل قومی شناختی کارڈ چیک کرے گا، شناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد ووٹرلسٹ میں درج نام چیک اور ووٹر کا نام ،سلسلہ نمبر پولنگ ایجنٹس کیلئے بلند آواز میں پکارا جائے گا،ووٹر کا سیدھی لکیر دیکر لسٹ سے نام کاٹ دیا جائے گا ،کائونٹر فائلر پر ووٹر کے انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا پھر انگوٹھے کے ناخن کے جوڑ پر ان مٹ سیاہی کا نشان لگایا جائے گا۔
اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر بیلٹ پیپر کی پشت پر دستخط کرے گا، دستخط لینے کے بعد ووٹر کو سبز ،سفید رنگ کا بیلٹ پیپر جاری کیا جائے گا اور ووٹر ووٹنگ سکرین کے پیچھے جا کر اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگائے گا،قومی اسمبلی کا سبز بیلٹ پیپر سبز بکس ،صوبائی اسمبلی کا سفید بیلٹ پیپر سفید باکس میں ڈالا جائیگا۔
ای سی پی کے مطابق وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ سٹیشن کا دروازہ بند کر دیا جائے گا ،وقت ختم ہونے پر صرف پولنگ سٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی،صرف مخصوص 9خانوں کی مہر والا بیلٹ پیپر ہی گنتی میں شامل ہوگا، پولنگ کے روز مجموعی طور پر ملک بھر میں14لاکھ 90ہزار انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا،انتہائی حساس وحساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر کے کنٹرول رومز کو آپریشنل کر دیا گیا ۔
ووٹر کو زبردستی پولنگ سٹیشن سے نکالنا ،ووٹ ڈالے بغیر باہر جانے پر مجبور کرنا انتخابی بدعنوانی ہوگی،پولنگ سٹیشن کی 400میٹر کی حدود میں ووٹر کو قائل کی کوشش غیر قانونی،الیکشن ایجنٹ کیلئے مخصوص جگہ یا ارد گرد 100میٹر کے فاصلے پر کوئی نوٹس یا انتخابی نشان، بینر یا امیدوار کیخلاف پرچم لگانا جرم ہوگا،نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹہ بعد جاری کئے جا سکیں گے۔
دوسری جانب کسی بھی نا شگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں کو پیشگی الرٹ کر کے تمام سہولیات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں،پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار پولنگ سٹیشنز کے اطراف میں پٹرولنگ کریں گے ،ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائیگی،مجموعی طور پر پاک فوج ،سول آرمڈ فورسز کے ایک لاکھ 30ہزار 882اہلکار پولنگ کے دوران ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے ڈیوٹی دیں گے، کوئیک رسپانس فورس کو بھی تعینات کردیا گیا،متعدد شہروں میں پاک فوج،رینجرز جوانوں اور پولیس اہلکاروں نے فلیگ مارچ کیا،اسلام آباد میں سکیورٹی تیسری حد تک الرٹ کردی گئی ،تمام افراد کو مکمل پڑتال کے بعد پولنگ سٹیشنوں میں داخل ہونے دیا جائے گا۔
ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ڈی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی خضر عزیز نے کہا نتائج کیلئے پرائیویٹ نیٹ ورک استعمال کیاجارہا ہے ،قوم کو یقین دلاتے ہیں الیکشن مینجمنٹ سسٹم سپیشل سافٹ ویئر ہے،پریذائیڈنگ افسر اپنے موبائل پر فارم 45 کی تصویر لیکر ریٹرننگ افسر کو بھیجے گا، سگنل نہیں آرہے ہوئے تو جب سگنل آئیں گے تو فارم 45 خودبخود آر او کے پاس پہنچ جائے گا،آراو فارم 47 بناتے وقت تسلی کرلے گا پریذائیڈنگ افسرکے موبائل میں فارم 45 لاک ہے،آراو آفس میں قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے لگے کمپیوٹر 3 موڈ میں کام کررہے ہوں گے،دھند کا بھی بندوبست کرلیا،نتائج کیلئے پرائیویٹ نیٹ ورک پر انحصار ہے ،جہاں فائبر آپٹک نہیں وہاں سیٹلائٹ ہے۔
سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے کہا پریذائیڈنگ افسر پولنگ سٹیشن کے باہر رزلٹ بھی چسپاں کریگا، عام طور پر ہارنے والے امیدوار کے پولنگ ایجنٹ چلے جاتے ہیں، جانے والے پولنگ ایجنٹ کو تو نہیں روک سکتے،پولنگ سٹیشن میں موجود تمام پولنگ ایجنٹ فارم 45 پر دستخط کریں گے، الیکشن کی شفافیت کیلئے انتہائی ضروری ہے پولنگ ایجنٹ فارم 45 پر دستخط کریں۔
عوامی عدالت لگ گئی،کون سنبھالے گا ملک کی باگ ڈور ؟،فیصلہ رات تک
















