الیکشن دنگل:فیصلہ کن گھڑی قریب،انتخابی مہم ختم، فوج کی تعیناتی، پولنگ سٹیشن کی حدود میں مہم چلانے پر پابندی

اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ اپنے نمائندے سے+ کرائم رپورٹر) عام انتخابات کیلئے میدان سج گیا، فیصلہ کن گھڑی قریب، فوج کی تعیناتی شروع، انتخابی مہم ختم، الیکشن کمیشن نے خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ جاری کردیا جبکہ حکومتوں نے اعلان کیا ہے کہ پولنگ کے روز انٹرنیٹ و موبائل سروس بند نہیں ہوگی۔

عام انتخابات کا دنگل شرو ع ہونے میں ایک روز باقی رہ گیا، سامان کی ترسیل مکمل کرلی گئی،8فروری کو ملک بھر کے کروڑوں افراد آئندہ 5 سال کیلئے اپنے نمائندے منتخب کریں گے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

رات گئے ختم انتخابی مہم ختم ہوگئی، الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کوئی بھی امیدوار کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی میں شرکت نہیں کر سکے گا، خلاف ورزی کرنےوالے کےخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو قومی میڈیا کیلئے جاری ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد یقینی بنانے کامراسلہ ارسال کردیا،پیمرامیڈیا کوآگاہ کرے پاکستان کے نظرئیے، خودمختاری وسلامتی اورقومی اداروں کےخلاف کسی قسم کا مواد نشرنہ کیا جائے،امن وامان کی صورتحال خراب کرنے والے بیان نشر کرنے سے گریز،فیک نیوز کو روکاجائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیاپولنگ اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیرحتمی غیرسرکاری نتائج نشرکیے جاسکتے ہیں، پولنگ کے دوران یقینی بنایا جائے، میڈیا انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے۔

لیکشن کمیشن نے کہا ہے 8 فروری کوپولنگ سٹیشن کی 400 میٹر حدود میں مہم چلانے پر پابندی ہوگی، سیاسی جماعتیں ، امیدوار، الیکشن ایجنٹ یا حمایتی دیہی علاقوں میں پولنگ سٹیشن سے 400میٹر کے فاصلے اور گنجان آبادی والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر کیمپ لگاسکیں گے، بیان میں کہا گیا آر اوز، پولیس، انتظامیہ شقوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے، خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔

ادھرانتخابی نتائج کیلئے آرٹی ایس، آر ایم ای کی چھٹی کرکے جدید الیکشن مینجمنٹ سسٹم تیار کرلیا گیا، جدید سافٹ وئیر 32 کروڑ کی لاگت سے نجی کمپنی سے تیار کرایا گیا، ای ایم ایس انٹرنیٹ نہیں انٹرا نیٹ سے کام کریگا، الیکشن مینجمنٹ سسٹم صرف پولنگ ڈے پراستعمال ہوگا، انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد سسٹم میں فارم 45،47 کا ڈیٹا فیڈ کیا جائے گا۔

ملک بھر میں سسٹم کو آپریٹ کرنے کیلئے ہر صوبائی اسمبلی کے حلقے میں 3 آپریٹر ،قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے 4 آپریٹرو لیپ ٹاپس ہوں گے جو ریٹرنگ افسروں کے دفاتر میں رکھوائے جائیں گے، ہر آر او کے پاس نادرا کا اہلکار بھی ہوگا، آپریٹ کے دوران اگر انٹرنیٹ سروس موجود نہیں ہوگی تب بھی لیپ ٹاپس لوکل ایریا نیٹ ورک پر آف لائن موڈ میں کام کرتے رہیں گے، ای ایم ایس میں لیپ ٹاپ سے عوام کیلئے ملٹی میڈیا کے ذریعے نمایاں جگہ پر پروگریسو نتائج دکھائے جائیں گے، پریزائیڈنگ افسر موبائل سے تصاویر کھینچ کر ریٹرننگ افسروں کو نتائج بھیجیں گے اور بعد ازاں خود بھی نتائج جمع کرانے جائیں گے۔

حکام نے ای ایم ایس کو ہیک کیے جانے کے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا سوفٹ ویئر جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا، سکیورٹی فیچرز غیرمعمولی ہیں۔

علاوہ ازیں الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا عام انتخابات کو پرامن بنانے کےلئے اقدامات مکمل ہیں، تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر اپنا کام مکمل کیا، الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، 28297 نارمل پولنگ سٹیشن، 15617 حساس اور 6040 انتہائی حساس ہیں، پرامن و صاف شفاف انتخابات میں کسی بھی قسم کا خلل ڈالنے والے کےساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔

اعجاز انور چوہان نے کہا صوبے میں 7 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، 50 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشن قائم کردئیے ،5 لاکھ سٹاف تعینات ہوگا، پولنگ کا سامان متعلقہ پولنگ سٹیشنز پہنچا دیا ،تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے، این اے 127 لاہور کے معاملے کی انکوائری ہورہی ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قوانین پر عمل کرنے کی ہدایات دےدیں۔

دوسری جانب عام انتخابات کو پرامن بنانے کےلئے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پاک فوج کے دستوں کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا گیا، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں فوجی دستوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں،صوبائی وزیر داخلہ نے کہامنڈی بہاو الدین، چکوال، جہلم، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، ملتان و دیگر اضلاع میں بھی بدھ تک فوج کو تعینات کر دیا جائیگا، تمام اضلاع کے حکام پاک فوج سے رابطے میں ہیں۔ محکمہ داخلہ نے کہا کہ الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ترجیح ہے، الیکشن سے جڑے تمام انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پی کے حکومت نے بھی الیکشن ڈیوٹی کےلئے وفاق سے پاک فوج کی نفری طلب کرلی، محکمہ داخلہ کی دستاویز میں کہا گیا الیکشن سکیورٹی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، پولنگ ڈے پر 19 ہزار 798 جوانوں کو تعینات کرنا ہے۔

مزید برآں لاہور میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کےلئے رینجرز، پولیس نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا، ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا لاہور پولیس شہریوں کی حفاظت کےلئے ہمہ وقت کوشاں ہے، دوران الیکشن مہم ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،فلیگ مارچ کا مقصد سکیورٹی بڑھانا، شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔