پاکستان مظلوم کشمیریوں کی ہر لحاظ سے بھرپور حمایت جاری رکھے گا :گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے الحمرا آرٹس کونسل مال روڈ میں محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سیکرٹری انفارمیشن دانیال سلیم گیلانی، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب روبینہ افضل، کشمیری حریت رہنمامشتاق محمود اور لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان نے او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام فورمز پر مسلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی بہتری کے ساتھ اس کردار کو ادا کرتا رہیگا۔انہوں نے کہا کہ آج 5 فروری کو پاکستان کے کروڑوں عوام سمیت دنیا بھر میں بسنے والے لاکھوں کشمیری ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ حملے اور قبضے کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر منارہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا ہے تاکہ مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت مل سکے۔