بزنس سہولت سنٹر کاروباری ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا، طارق شاہ

گوجرانوالہ: (بیورورپورٹ)کینیڈا کی معروف کاروباری اور سماجی شخصیت طارق شاہ نے سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی کیلئے بنائے گئے بزنس فسلیٹیشن سنٹر کو حکومت پنجاب کا بہترین قدم قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے فسیلیٹیشن سنٹر گوجرانوالہ کی صنعتی اور کاروباری ترقی کےساتھ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا ،انہوں نے یہ بات کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کے ہمراہ بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کے دورہ اور وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالروف،چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن حیدر چٹھ، ڈاکٹر معیز منصور، سنٹر انچارج سیدہ قرةالعین، میڈیا مینجر عدنان ساجد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی کی خصوصی ذاتی دلچسپی سے بزنس فسیلیٹیشن سنٹر کا قیام سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا اور اس پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی کو نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے دوستانہ ماحول میں رہنمائی حاصل کرنے کے علاوہ مختلف محکموں کے این او سیز کے حصول میں بھی آسانی میسر آئے گی۔ انہوں نے صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو مختلف سرکاری اداروں کے درکار این او سیز جاری کرنے کا عمل کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انتہائی مثبت قدم اٹھایا ہے‘ اب بزنس کمیونٹی کا فرض ہے کہ وہ حکومت کی اس سہولت سے بھرپور انداز میں مستفید ہونے کیلئے بزنس فسیلیٹشین سنٹر سے رابطہ کریں جہاں مستعد انداز میں افسران وسٹاف ان کی رہنمائی کیلئے موجود ہے۔