پاکستان کو دوبارہ پاﺅں پر کھڑا کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،نواز شریف

گوجرانوالہ:( چودھری توصیف احمد)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہاہے پاکستان کو دوبارہ پاﺅں پر کھڑا کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ن لیگ کے دور میںصرف کرپشن ہی نہیں ،تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم تھیں، کچھ لوگ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں یوتھ ساتھ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

نواز شریف نے کہا گوجرانوالہ والوں نے کیا سماں باندھا ہے ،اصل یوتھ میرے سامنے بیٹھی ہے ،بڑے چھوٹے کا احترام ،ماں باپ کی عزت کرتے ہیں ،یوتھ کےساتھ نواز شریف کا دل دھڑکتا ہے ،جب تک آپ کو با عزت روزگار نہیں ملتا نواز شریف چین سے نہیں بیٹھے گا،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کہہ رہا ہے نواز شریف ،ن لیگ کے دور میں کرپشن کم تھی،بتانا چاہتا ہوں صرف کرپشن ہی نہیں ،روٹی ،آٹا ، چینی ، گھی ،پٹرول ، بجلی کی قیمت بھی سب سے کم تھی۔

صدر ن لیگ نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا بتائیں کیا نواز شریف سچ بولتا ہے یا جھوٹ ؟، لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ کیا،غربت بھی ختم ہو رہی تھی ،ڈالر کی قدر سب سے کم سطح پر تھی،آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تو آئی ایم ایف کہہ رہا تھا اگر پاکستان اسی رفتار سے ترقی کرتا رہا تو آنے والے چند سالوں میں دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے کہانواز شریف پاکستان میں سی پیک لایا 60ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی ،مخالفین دھرنے اورہم کام کر رہے تھے ،ترقی کے سارے کام شہباز شریف نے کرائے ،کریڈٹ مجھے دے رہے ہیں، شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں،بجلی کے کارخانے بھی شہباز شریف نے لگوائے ،موٹر وے بنوا رہے تھے،آئندہ چیف جسٹس بننے والا جج خود استعفیٰ دےکر گھر چلا گیا ،یہی وہ جج تھا جس نے مجھے سزا دلوائی ،بطور وزیر اعظم میری چھٹی کرائی اگر ن لیگ کادور رہتا تو حکومت چلتی رہتی تو دعوے سے کہتا ہوںایک بھی بیروزگار نہ ہوتا ،ہر ایک کے پاس با عزت روزگار ہوتا ، لوگ خوشحال ہوتے ،گزر بسر کےلئے ایک دوسرے سے ادھار نہ مانگ رہے ہوتے ،بچے سکول جارہے ہوتے۔

نوازشریف نے کہا ن لیگ کے دور میں5سے 10لاکھ میں چھوٹی گاڑی ، موٹر سائیکل 65ہزار ،ٹریکٹر 8لاکھ روپے میں ملتا تھااب کوئی خرید نہیں سکتا،پاکستان پر کتنا ظلم کیا ،نواز شریف کا دور سستا ترین تھا ،گھبراﺅ مت ، تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاکستان دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا نہیں ہو جاتا، آپ لوگوں کو باعز ت روزگار نہیں مل جاتا ، ملک کے ہر گھر میں روشنی کے چراغ نہیں جلتے،جی ٹی روڈ کو بھی موٹر وے بنائیں گے، مزید سکول ،ہسپتال بنیں گے، شہباز شریف نے جو کہا کر کے دکھائیں گے۔

صدر ن لیگ وسابق وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم کا پیسہ ، محنت کی ایک ایک دمڑی عوام کی خوشحالی پر کوئی بھی حکومت لگاتی ہے تو اچھے منصوبے کو آگے لے کر چلنا چاہیے لیکن پچھلی حکومت نے نواز شریف کے ایک ایک منصوبے کو انتہائی بے دردی سے ختم کیا ،نواز شریف نے اپنے دور کا آغاز کرنے کے بعد 15ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے ،پورے پاکستان میں ترقی خوشحالی کے منصوبے بنے ،سڑکیں ، موٹرویز ،ڈیمز بنے ،بتانا ہے نواز شریف ترقی خوشحالی کےساتھ ساتھ کرپشن پر بھی کاری ضرب لگاتا رہا،بچے بچیوں کوہزاروں لیپ ٹاپ دئیے ،پیف سے تعلیمی وظائف ملے ،پورے پنجاب میں پکیاں سڑکاں ،سوکھے پینڈے منصوبے کے تحت سڑکیں بنیں، گجرات میں یونیورسٹی بنائی ،فلائی اوور ز بنے ، شیخوپورہ گوجرانوالہ کی سڑک اربوں روپے سے نواز شریف نے بنائی۔

شہبازشریف نے کہانواز شریف نے ترقی کی عظیم داستان چھوڑی اور کرپشن بھی نیچے آئی ،نواز شریف کا تختہ الٹا گیا تو کرپشن کا انڈیکشن141سے117نمبر پر آگیا ، نواز شریف کے دور میں کرپشن 23پوائنٹس کرپشن کم ہوئی پھرایک حکومت آئی جس نے کہا سب چور لٹیرے ہیں اور صرف وہی فرشتہ ہے ،میں نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے پڑھتا جاﺅں تو رات پڑ جائے گی لیکن اپنے دل پر ہاتھ رکھ بتائیں کیا مخالف نے اپنے 4سالوں میں ایک اینٹ بھی لگائی،کرپشن 4سال میں دوبارہ 140انڈیکس پر چلی گئی ، دنیا کے معتبر ادارے ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ نے پی ٹی آئی کا چہرہ بالکل دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ۔

صدر ن لیگ نے کہاکچھ دوست کہتے ہیں آئیں مناظرہ کریں میں کہتا ہوں موازنہ کریں ،نواز شریف کی قیادت میں 13پارٹیوں پر مشتمل حکومت سنبھالی ،تمام تر مشکلات کے باوجود سیلاب متاثرہ علاقوں میں 100 ارب تقسیم کئے،ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ،باقی ترقیاتی کام بھی کئے ، شہباز شریف نے کہا نوجوان بچے ،بچیاں قوم کا سب سے بڑا سرمایہ ،اثاثہ ہیں ،آپ نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے ،نواز شریف کو موقع ملا تو دوبارہ لیپ ٹاپ دے گا ، آپ کو قلم وتختی دے گا ،آئی ٹی کا نالج دے گا،یونیورسٹیاں بنیں گی ،باعزت روزگار ملے گا،8فروری کو آپ نے ہیر پھیر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے ، نواز شریف آپ پر جان نچھاور کرتا ہے ، آپ نے نواز شریف کو کامیاب کرانا ہے،آپ پہلوان میٹرو میں نہیں بیٹھ سکتے ،اورنج ٹرین کا انتظام کرنا پڑے گا۔

سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہاگوجرانوالہ کی تمام20سیٹیں جیتیں گے، نواز شریف کو بتانا چاہتی ہوں جب آپ کو ملک سے باہر جانا پڑا تو تو گوجرانوالہ نے ساتھ نہیں چھوڑا ،مشکل وقت میں ساتھ دیا ، مشکل وقت میں میرے بھائی بازو بن کر کھڑے رہے مجھے مایوس نہیں کیا ، لانگ مارچ لانے والے گوجرانوالہ سے بھاگے ،5برس تک وائرل رہنے والی بیماری کو بھی گوجرانوالہ نے ہی مار بھگایا،پاکستان کا بہت نقصان کرنے والی وائرل بیماری ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی۔

مریم نواز نے کہا کسی نے 50لاکھ گھر کا وعدہ کیا اور ایک گھر بھی نہیں دیا، نواز شریف نے 50لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تو ضرور دے گا،گوجرانوالہ کے جلسے کو گواہ بنا کر کہتی ہوں اگر نواز شریف نے آپ سے وعدہ کیا ہے تو ایک کروڑ نوکریاں دے گا ، آئیں! انتقام کی سیاست دفن کرکے ایک بار پھر خدمت کی سیاست کا آغاز کریں ،9فروری کو سورج پاکستان و گوجرانوالہ کی ترقی کی نوید لے کر طوع ہوگا ،آپ نے میرا ساتھ نبھایا ،خدمت کر کے تقدیر بدلیں گے۔