راولپنڈی:(بیورورپورٹ)نکاح غیر شرعی،عدالت نے سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ کو7،7سال قید کی سزا سنادی،سینئر سول جج قدرت نے غیر شرعی نکاح کیس کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا،اڈیالہ جیل میں غیر شرعی نکاح کیس پر سماعت ہوئی، جج کے حکم پر ملزموں کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت نے غیر شرعی نکاح کا جرم ثابت ہونے پر عمران خان اور بشریٰ کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی اوردونوں پر5، 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا،بعدازاںجج قدرت نے 51 صفحات پر مشمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں عمران،بشریٰ کا یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہاشکایت کنندہ خاور مانیکا یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی ثابت کرنے میں کامیاب رہے،خاور مانیکا نے ثابت کیا یکم جنوری 2018 کی شادی تقریب بدیانتی پر مبنی تھی اور درخواست گزار نے یہ بھی ثابت کیا فراڈ کی نیت سے نکاح ہوا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا خاور مانیکا نے حلفیہ بیان دیا بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ نے دھرنوں کے درمیان تعلقات استوار کئے، خاور مانیکا کے مطابق عمران خان، بشریٰ اکیلے میں گھنٹوں ملاقات کرتے ،خاور مانیکا کی غیر موجودگی میں بھی ملتے تھے،تنہائی کی ملاقاتوں پرخاور مانیکا کے بیان کی تردید نہیں کی گئی،بشریٰ ،بانی پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں آپس میں رابطے کی تصدیق کی تاہم دونوں کے آپس میں کسی بھی غلط تعلق کی تردید کی، دونوں کاایک دوسرے کے گھروں میں آنا جانا تسلیم شدہ حقیقت ہے۔
عدالت نے کہاچونکہ بانی پی ٹی آئی ،بشری زیر حراست ہیں لہٰذاکیس میں وارنٹ آف کمٹمنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ، راولپنڈی کو جاری کیا جاتا ہے،سنائی گئی سزا سے گزرنے کےلئے دونوں مدعا علیہان کو جیل میں رکھنے کا اختیار دیا جاتا ہے،تحریری فیصلے میں کہا گیا عمران،بشریٰ کیخلاف یکم جنوری 2018 کے نکاح سے پہلے بھی روابط کے شواہد موجود ہیں، خاور مانیکا نہ صرف بشریٰ کے سابق شوہر بلکہ 5 بچوں کے والد بھی ہیں۔
دریں اثنا غیر شرعی نکاح کیس میں سزا ملنے کے بعد سابق وزیراعظم وبانی ٹی پی آئی عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاعدت کیس مجھے ذلیل کرنے کےلئے بنایا گیا ،اپنی بات پر قائم ہوں،مرجاﺅں گا لیکن کبھی ڈیل نہیں کر ونگا،میرے جتنے کیسز کسی کیخلاف نہیں بنے،نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، جے آئی ٹی بنی لیکن سب کیسز ختم کردئیے گئے، شہباز شریف کےخلاف ایف آئی اے کا مضبوط کیس بھی ختم ہوگیا،ملک پر400ڈورن حملے ہوئے ،کوئی بولا ہی نہیں اب باہر سے غلام آگیا وہ نوکری کرے گا ۔
سابق خاتون اول بشریٰ نے ردعمل دیتے ہوئے کہاعدت کا معاملہ قرآن مجید میں واضح ہے ،فیصلہ ابلیس کاہے،غیرت کی جنگ میں فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔
دوسری جانب عمران خان کے وکیل اور پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا سیاسی مقاصد کےلئے ذاتی زندگیوں میں جھانکا جارہا ہے،فیصلہ عمران خان کے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش ہے،ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے ،بشریٰ کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بھی دیں گے،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاعدت نکاح کیس کا سر ہے نہ پیر، بانی پی ٹی آئی پر بے بنیاد و غیراخلاقی الزامات لگائے گئے،مولوی کا فتویٰ ہے عدت پوری ہوجاتی ہے جب خاتون کہے، 2دن کے اندر 14، 14 گھنٹے سماعت کرکے کیس مکمل کیا گیا،یہی فیصلہ متوقع تھا،ہائیکورٹ سے انصاف کی امید ہے،بانی پی ٹی آئی نے کہاہے ہزار سال بھی جیل میں رہنا پڑا تو رہوں گا، عوام پرامن رہیں اور 8 فروری کو باہر نکلیں۔
نکاح غیر شرعی،عمران،بشریٰ کو7،7سال قید،مجھے ذلیل کرنے کےلئے کیس بنایا گیا،بانی پی ٹی آئی
















