ترقیاتی سکیمیں تیار کرتے وقت صرف مفاد عامہ کو مد نظر رکھا جائے :چیف سیکرٹری پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے)محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام2024-25 کی تیاری کے سلسلے میں محکموں کیلئے ٹائم لائنز جاری کر دی ہیں اور انہیں پہلا ڈرافٹ 15فروری تک بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی ،تمام محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ محکمے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے ترجیحات طے کر یں اور ترقیاتی سکیمیں تیار کرتے وقت صرف مفاد عامہ کو مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ایک برس کے دوران صوبے کے مالیاتی نظم، گورننس کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کہ بہتر معاشی پالیسیوں کی بدولت صوبہ پنجاب نے 500ارب روپے کا قرضہ ادا کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میںفنڈز کے بروقت اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا، نئے منصوبے شروع کرنے کی بجائے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ، 134سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام قلیل مدت میں مکمل کیا گیا اور دیہات میں شہروں کی طرز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ”اب گاﺅںچمکیں گے پروگرام“ شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا تسلسل بر قرار رکھنے کی ضرورت ہے۔چیف سیکرٹری نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے12 پراجیکٹ ڈائریکٹرز سمیعہ سلیم، علی شہزاد، حمزہ سالک، اسد اللہ، عاصم سلیم، ملک محمد اکرم، اعجاز کاشف ، رضا الرحمان عباسی ،محمد صغیر، زاہد عزیز، اسد خالد، علی جلال میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ افتخار سہو نے اجلاس کو سالانہ ترقیاتی پروگرام بارے گائیڈ لائنز سے آگاہ کیا۔