کسی کو تشدد اورجمہوری عمل سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے،کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: (بیورورپورٹ) سربراہ پاک فو ج جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس نے اعادہ کیا کہ پاک فوج آئینی مینڈیٹ، الیکشن کمیشن کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دیگی، کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) کی زیرصدارت 262 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی،شرکا نے مسلح افواج کے افسروں، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاجنہوں نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

فورم نے عزم کیا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، سہولت کاروں ،حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کہاپاکستان کی خودمختاری ،علاقائی سا لمیت مقدس و ناقابل تسخیر ہے، پاکستان تمام ریاستوں کےساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے،ملکی خودمختاری، قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

اعلامیے کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقائی و ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناو¿نی مہم پربھی بریفنگ دی گئی، فورم نے اتفاق کیا بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے، عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ روئیے و دنیا بھر میں قتل و غارتگری کےلئے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرچکی۔

شرکا نے فلسطین ، غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازع کے انتہائی منفی اثرات وخطے میں پھیلاو¿ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا،فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی و جاری تنازع کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا، شرکا نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کےلئے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، شرکانے کہاپاکستان اپنے کشمیری بھائیوں ،بہنوں کی بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق انصاف کی فراہمی تک اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

کانفرنس میں عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کےلئے پاک فوج کی تعیناتی پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا، فورم نے کہاپاک فوج آئینی مینڈیٹ ،الیکشن کمیشن کے تحت تفویض کردہ ہدایات کے مطابق فرائض سرانجام دے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے واضح کیا کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، فورم نے سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری ،غیر قانونی تارکین وطن سمیت غیر قانونی سرگرمیوں، مجرمانہ مافیاز کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور اقدامات، معیشت، عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرز کو پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی ، فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا۔