سپریم کورٹ پر تنقید کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہو گا،چیف جسٹس،صحافیوں کیخلاف نوٹسز واپس لینے کاحکم
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے آزادی صحافت آئین میں ہے، سپریم کورٹ پر تنقید کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہو گا،صحافیوں کیخلاف نوٹسز فوری واپس لیے جائیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں3رکنی بنچ نے ایف آئی اے کی جانب سے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے ازخود نوٹس پر سماعت کی ، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کتنے کیسز ہیں؟اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا4درخواستیں ہیں ،عبدالقیوم صدیقی اور اسد طور درخواست گزار ہیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کیا جرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی کے پاکستان بار کے نمائندے موجود ہیں؟اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہاجرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی اب ختم ہو چکی۔
وکیل حیدر وحید نے کہا وفاقی حکومت کو آزادی اظہار رائے ریگولیٹ کرنے کے حکم کی درخواست کی تھی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل حیدر وحید سے کہا آپ کی درخواست بعد میں دیکھیں گے، عبدالقیوم صدیقی بتائیں کیس خود چلانا ہے یا صدر پریس ایسوسی ایشن دلائل دیں گے؟صحافی عبدالقیوم صدیقی نے کہا کچھ حقائق سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔
چیف جسٹس نے کہا قدرت کا نظام دیکھیں ازخود نوٹس کورٹ نمبر 2میں لیا لیکن معاملہ 5رکنی بنچ کے پاس ازخود نوٹس اختیار کےلئے چلا گیا، 5رکنی بنچ نے طے کیا 184تین کا ازخود نوٹس لینے کا اختیار صرف چیف جسٹس کا ہے، صحافیوں ہی نہیں ججز کی بھی آزادی اظہار رائے ہوتی ہے، عبدالقیوم صدیقی آپ نے تو کہا تھا کیس کو چلانا نہیں چاہتے۔
صحافی عبدالقیوم صدیقی نے کہا جب معاملہ جسٹس اعجازالاحسن کے بنچ میں گیا تو کہا تھا کیس نہیں چلانا چاہتا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا سپریم کورٹ نے کیس نمٹانے کی بجائے 2021 سے سرد خانے میں رکھ دیا، بتائیں تب کیا درخواست تھی آپ کی اور اب کیا ہے؟ صحافیوں کی شکایت کو دیکھا ہی نہیں گیا تھا،صحافی عبدالقیوم صدیقی نے کہامیں نے تو کہا تھا اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا یا تو حکومت کہتی آرٹیکل 19پر عمل نہیں کرانا یا داد رسی کرتی، بنیادی حقوق کو زندہ رکھیں یا پھر صرف محض کاغذ پر تحریر سمجھیں، کیس دفن ہونے کےساتھ تو بنیادی حقوق بھی دفن ہو گئے، اپنے ادارے پر پہلے بات کروں گا، کب تک ماضی کی غلطیاں دہرائیں گے؟ مجھ پر تنقید کریں گے تو مجھے میری غلطی معلوم ہو گی،صحافی عبدالقیوم صدیقی نے کہا جیسے یہاں مسئلہ رکھا ایسے ہی سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے پاس بھی جانا چاہا تھالیکن اجازت نہیں دی گئی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا بس سابق چیف جسٹس پر تنقید نہیں کرنی موجودہ پر کرنی ہے یہ شکایتیں سماعت کےلئے مقرر کیوں نہیں ہوتیں اٹارنی جنرل صاحب؟ دنیا میں زندہ قومیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھتی ہیں اور ہم کہتے ہیں بس آگے بڑھو، مٹی پاو،جسٹس علی مظہر نے کہا ایف آئی اے نے بھی بس رپورٹ دے دی تھی کسی صحافی کےخلاف کارروائی نہیں چل رہی، ایف آئی اے نے پرانی کارروائیوں پر کوئی جواب نہیں دیا تھا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا اسد طور سے پوچھیں کیا وہ لوگ پکڑے گئے جنہوں نے مارا تھا؟ اسد طور کیا آپ لوگوں کی شکلیں پہچان سکتے ہیں؟صحافی اسد طور نے جواب دیاجنہوں نے تشدد کیا وہ پکڑے نہیں گئے ، آج بھی دیکھ کر پہچان سکتا ہوں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کیا تشدد کرنےوالوں کے سکیچ بنائے گئے تھے؟صحافی اسد طور نے جواب دیا سکیچ بنا تھا لیکن جیو فینسنگ نہیں ہوئی۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے کہا اسد طور کا کیس سرد خانے میں ڈال دیا گیا یا ابھی بھی چل رہا ہے؟ اسد طور کے کیس پرجامع و مفصل رپورٹ دیں،صحافی اسد طور نے کہا میں ازخود نوٹس کی پیروی کرنا نہیں چاہتا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آپ نہ کریں لیکن خود کیس کو دیکھیں گے،اس موقع پر سپریم کورٹ نے صحافیوں کےخلاف نوٹسز فوری واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا تنقید کی بنا پر صحافیوں کو جاری نوٹس فوری واپس لیے جائیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا گالم گلوچ الگ بات ہے، ایف آئی اے تنقید کی بنا پر کارروائی نہ کرے، تنقید روکنے کے سخت خلاف ہوں، آزادی صحافت آئین میں ہے، میرا مذاق بھی اڑائیں مجھے کوئی فکر نہیں، عدلیہ کا مذاق اڑائیں گے تو ملک کا نقصان ہو گا، سپریم کورٹ پر تنقید ضرور کریں لیکن آئین میں بھی کچھ حدود ہیں، آپ سمجھتے ہیں تنقید روک کر میرا یا سپریم کورٹ کا فائدہ کر رہے ہیں تو آپ نقصان کر رہے ہیں، صحافی اگر عدالتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہیں تو کریں، کسی کو تشدد پر اکسانے یا انتشار پھیلانے کا معاملہ الگ ہے، کسی بھی صحافی یا عام عوام کو بھی تنقید کرنے سے نہیں روک سکتے، سپریم کورٹ پر تنقید پر کوئی مقدمہ درج نہیں ہو گا۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا سوشل میڈیا نے اداروں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا اگر آرٹیکل 19کا خیال ہے تو کچھ خیال آرٹیکل 14کا بھی کریں،جسٹس علی مظہر نے کہا تھمب نیل پر جو کچھ لکھا ہوتا ہے وہ اندر نہیں ہوتا، بہت عجیب ہے، فیئر تنقید میں مسئلہ نہیں لیکن جو زبان استعمال کی جاتی ہے وہ غلط ہے،اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کسی صحافی کےخلاف تنقید پر کوئی کارروائی نہیں ہو گی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا گالم گلوچ غلط ہے لیکن تنقید پر ممانعت نہیں اگر کسی صحافی کو صرف تنقید کرنے پر پکڑا جائے تو غلط ہے، مجھے تو گالم گلوچ سے بھی فرق نہیں پڑتا لیکن حدود ہونی چاہئیں،صحافی عبدالقیوم صدیقی نے استدعا کی وفاقی حکومت سے پوچھا جائے جے آئی ٹی کس کے کہنے پر بنی کیونکہ بہت قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاان کو بھی حقوق دلائیں گے جو سامنے نہیں ، خود پر تنقید کو ویلکم کرتا ہوں،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کچھ باتیں قائد اعظم کی کر لیتے ہیں انہوں نے تو قائد اعظم کا بھی مذاق اڑایا ،صحافی مطیع جان نے استدعا کی ارشد شریف کے قتل کا سوموٹو بھی مقرر کیا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا ارشد شریف کا کیس ہو سکتا ہے آئندہ سماعت پر ساتھ ہی لگا دیں، ابھی کوئی ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جو کیس میں جاری احکامات سے متصادم ہو،صدر سپریم کورٹ بار نے کہا فیصلے پر تنقید ہونی چاہیے، ججز کےخلاف من گھڑت کہانیاں نہیں بنانی چاہئیں،جسٹس علی مظہر نے کہا یو ٹیوب کا کوئی کوڈ آف کنڈکٹ نہیں ہوتا، ٹی وی کےلئے تو پیمرا کا ضابطہ اخلاق موجود ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا فتوے دینے والوں سے بد تر و منفی سوچ کسی کی نہیں ہو سکتی یہ نفرت پھیلاتے ہیں اور قبرستانوں تک کو نہیں چھوڑتے اب اژدھے بن چکے ہیں، بچی ملالہ تعلیم کی بات کر رہی تھی حملہ کر دیا، ملالہ اب پاکستان تک نہیں آ سکتی، کتنی شرم کی بات ہے۔
عدالت نے طلب کیے گئے صحافیوں کےخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا اور ڈی جی ایف آئی اے کو صحافیوں کے ساتھ ملاقات کرنے کی ہدایت کر دی،عدالت نے ایف آئی اے حکام سے سوال کیا صحافیوں کو کیوں بلایا گیا ؟عدالت نے حکم دیا وفاقی حکومت صحافیوں پر تشدد کےخلاف رپورٹ 2ہفتے میں فراہم کرے،صحافتی تنظیموں نے استدعا کی ایف آئی اے کے نوٹسز معطل کیے جائیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا منگل کو کیس دوبارہ سن رہے ہیں، ہم یہیں ہیں، بے فکر رہیں، کسی ادارے کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے، کیا پتہ ایف آئی اے کسی قتل کیس میں بلا رہی ہو، قانون کے مطابق جو کارروائی ہے وہ تو ہونی ہے۔
بعدازاں عدالت عظمیٰ نے حکم نامے میں کہابتایا جائے مقدمات میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے؟صحافیوں کو ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹسز سے آگاہ کیا گیا، بتایا گیا نوٹسز عدالت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر جاری کیے گئے ،تنقید کرنا ہر شہری و صحافی کا حق ہے، معاملہ صرف تنقید تک ہے تو کسی کےخلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے،عدالت نے نے حکم نامے میں کہا اٹارنی جنرل نے حکومت کی جانب سے تنقید پر کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

















