ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنی تعیناتی کا ایک سال مکمل ہونے پرشہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی تیز رفتار تکمیل پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد اور سٹی منیجر پسپ اسجد خان کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل ٹیم ورک کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے فتح شیر روڈ، علامہ اقبال روڈ اور ہائی سٹریٹ پر جاری کام اس ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ اپنی تعیناتی کا ایک سال مکمل ہونے پر کمشنر آفس میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری اربوں روپے کے پراجیکٹ کی تکمیل اور شہریوں کی مشکلات کو کم کرنے میں میونسپل کارپوریشن، کمشنر آفس اور پسپ کے تمام افسران اور ماتحت عملے نے دن رات کام کیا جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ 2020سے جاری پسپ پروگرام میں حقیقی کام پچھلے ایک سال کے دوران ممکن ہوا جس میں شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے 229571فٹ پائپ بچھائے گئے اور 13898گھروں کو کنکشن پہنچائے گئے جبکہ28میں سے25نئے ٹیوب ویلز اور10میں سے7نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب بھی اسی عرصے میں ممکن ہوئی۔ اسکے علاوہ45میں سے8پرانے ٹیوب ویلز کی بھی مرمت کروائی جا چکی ہے جبکہ 4نئے اوورہیڈ ٹینکیاں بھی تعمیر کی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ شہر کی 3بڑی سڑکوں فتح شیر روڈ، ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ پر تعطل کا شکار کام بھی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے شروع ہوا جو تکمیل کے قریب ہیں۔ توقع ہے کہ ان تینوں اہم سڑکوں کو ہر لحاظ سے اس ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائیگا۔ اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشن کی مشینری کو محفوظ بنانے کیلئے شیڈز کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے جن میں 7مکمل کئے جا چکے ہیں۔ کمشنر نے جاری کاموں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اسی ماہ کے آخر تک مڈھالی روڈ کے باقی3کلو میٹر حصے کو اسفالٹ کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
کمشنر ساہیوال کی تعیناتی کا ایک سال مکمل،ترقیاتی کاموں کی تیزرفتار تکمیل پر انتظامیہ کی ستائش
















