فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل، انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرنیوالا بینچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل پر انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرنے والا سپریم کورٹ آف پاکستان کا 6 رکنی بینچ ٹوٹ گیا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ نے سماعت کی جبکہ جسٹس امین الدین خان، محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت بینچ میں شامل تھے۔

جواد ایس خواجہ کے وکیل نے بینچ پر اعتراض اٹھا دیا۔ وکیل نے استدعا کی کہ بینچ کی دوبارہ تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجا جائے۔ جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ اگر ہم نے کیس سننا ہی نہیں تو دلائل نہ دیں، ہم پر اعتراض اٹھایا جا رہا ہے کہ میں کیس سے الگ ہو جاوں۔

جسٹس سردار طارق نے خود کو بینچ سے الگ کر لیا جس پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔ بینچ کی دوبارہ تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجوا دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل رہیگا، 3 رکنی ججز کمیٹی انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کیلئے نیا لارجر بینچ تشکیل دے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ، اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی استدعا ہے کہ سماعت الیکشن کے بعد کی جائے۔