اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں اعلیٰ سطح کا کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اعلیٰ سطح کا کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ شامل ہوں گے۔ دہشت گردی سے متعلق ایک دوسرے کے خدشات کو دور کیا جائیگا۔
ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان کبھی علاقائی تنازع نہیں رہا۔ ہم پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ پاکستان اور ایران میں دہشتگردوں کو موقع نہیں دیں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پاکستان اور ایران کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔تجارت کے فروغ کیلئے بارڈر فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان رابطے کیلئے تربت اور زاہدان میں رابطہ افسر مقرر کئے جائیں گے۔ ریاست کی خود مختاری اوراحترام ضروری ہے۔ دہشت گردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ایران کے ساتھ اعلی سطح کے رابطے ہیں۔جو غلط فہمی تھی اس پر قابو پا لیاگیا ہے۔ پاکستان اور ایران نے امن اور عوام کی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے ملکر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کا کہنا تھا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی احترام کو قائم رکھتے ہوئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
پاکستان، ایران وزرائے خارجہ ملاقات، اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ
















