اقتدار ملا تو مہنگائی ختم،ہر گھر میں روزگارہو گا:نواز شریف

بورےوالا( نمائندہ مشرق) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے عوام دیکھیں جب میں وزیراعظم تھا وہ وقت دیکھو اور یہ وقت دیکھو اس میں کتنا فرق آگیا؟ کیا عوام کو میرا دور یاد نہیں آتا؟،بورے والا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے دور میں جو بجلی کا بل 500روپے آتا تھا وہ اب20 ہزار روپے ہوگیا، ہمارے دور میں سبزیاں دس دس روپے کلو اور روٹی چار روپے کی ملتی تھی، کیا عوام کو نواز شریف کا دور یاد نہیں آتا؟ جب ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی تھی اور گیس سستی تھی؟ کیا آپ نہیں چاہتے کہ وہ دور واپس آجائے؟، سربراہ ن لیگ نے کہا5 ججوں نے سازش کے ذریعے میری عوامی حکومت کو ختم کیا جب کچھ نہ ملا تو محض بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر حکومت ختم کردی گئی اور جیل میں ڈالا گیا،میرے دور میں کھاد کا ریٹ 2400 روپے کا تھا آج وہ ریٹ 14000 پر ہے وہ بھی اگر مل جائے، میرے دور میں جو ٹریکٹر 9 لاکھ روپے مالیت کا تھا آج وہی ٹریکٹر 38 لاکھ روپے میں ملتا ہے، یہ بہت افسوس ناک بات ہے پاکستان کو انہوں نے کہاں پہنچادیا؟ یہ ہے وہ تبدیلی جو اس قوم پر مسلط کی گئی لیکن ہم آپ کی مدد سے پاکستان کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے ایسا دور لائیں گے ہر گھر میں روزگار میسر ہوگا، موٹر وے بنائیں گے، ہائی وے بنائیں گے عین ممکن ہے اس علاقے میں ایک بہترین ایئرپورٹ بھی بنادیا جائے،آج بیروزگاری ختم ہوجانی چاہیے، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے، زیادتی کی ہے، یہ موٹروے اپنی ذات کیلئے نہیں آپ کےلئے بنائی ہے، ن لیگ کی حکومت آئی تو ایک موٹروے بورے والا سے بھی گزرے گی دوسری جانب ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا تمام جماعتیں پنجاب میں آ کرووٹ مانگ رہی ہیں، ہمارے مخالفین جہاں بھی جلسے کررہے ہیں، وہیں نواز شریف کے منصوبے نظر آ رہے ہیں، پورے ملک میں اگر کوئی ایسا لیڈر ہے، جسے عوام کی فکر ہے، جسے مہنگائی کم کرنے کی فکر ہے، بجلی کے بل کم کرنے، گیس کی فراہمی، روٹی، آٹا، چینی، سڑکوں، ہسپتالوں اور تعلیم کی فراہمی کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہے، نواز شریف اگر 3 سال میں 22 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اس کے پیچھے اللہ کا فضل، ان کی محنت، آپ سے محبت کارفرما ہے۔