پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان نے حالیہ چند ماہ میں بھارتی ایجنٹوں کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا،ذرائع کے مطابق حکومت نے طے کیا ہے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے معاملے میں دنیا کو بتانے کےلئے ہر سفارتی فورم استعمال کیا جائے گا، حکومت نے بھارتی دہشت گردی کے معاملے پر غیر ملکی سفیروں کو شواہد دکھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، انہیں حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دو شہریوں اشوک کمار اور یوگیش کمار کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد کے ساتھ بریفنگ دی جائے گی،واضح رہے ایک روز قبل دفتر خارجہ میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ سائرس قاضی نے بتایا تھا کہ ہمارے پاس دو پاکستانی شہریوں کو انڈیا کی جانب سے قتل کیے جانے کے مصدقہ ثبوت موجود ہیں، شاہد لطیف اور ریاض کو قتل کرنے کےلئے انڈین شہری یوگیش کمار اور اشوک کمار نے یہاں مقامی قاتل کو ہائر کیا اور انہیں قتل کرایا، قاتل گروہ کے 5ارکان کو ملک سے فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے جس نے بھارتی شہریوں کی جانب سے رقم دینے کا اعتراف بھی کیا ہے۔