اسلام آباد میں نوٹنکی لگانے والے بے نقاب ہو گئے:بلوچستان حکومت

اسلام آباد،کوئٹہ (بیورورپورٹ)نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے جارحانہ جواب سے یران میں بھارت کا نیٹ ورک تباہ ہو چکا ہے، ایران میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے ورثا اسلام آباد کے احتجاجی کیمپ میں موجود ہیں،اسلام آباد احتجاجی کیمپ کو لیڈ کرنے والی ڈاکٹرماہ رنگ پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں خودبے نقاب ہوگئی، ہم نے متعدد بار کہا مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہو رہا ہے،نگران وزیر اطلاعات نے کہا دہشت گرد تنظیموں کے کارندے ایران میں بھارت کے گٹھ جوڑ سے پاکستان کےخلاف سازشیں کررہے تھے جبکہ ماہ رنگ بلوچ اور ان کے سہولت کار قومی اداروں اور فورسز کو بدنام کرنے میں نمایاں تھے، بلوچستان میں دشمن قوتیں انتشار پیدا کرنے میں ناکام ہونے کے بعد بیرونی مداخلت کیلئے کوشاں تھیں، ملک دشمن کبھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، جان اچکزئی نے کہا بھارت نواز ایجنڈے نے ماہ رنگ کی حقیقت کا عوام کے سامنے پول کھول دیا، ملکی دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے بلوچ بھائیوں کو عام معافی دلواکر قومی دھارے میں لارہے ہیں، ایران اور ماہ رنگ بلوچ نے بھی پاکستان کے جوابی حملہ میں دہشت گردوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے، ایران کے حملے کے بعد ایک سیاسی جماعت اور بیرون ملک میں بیٹھے بھگوڑوں کی حرکتیں قابل مذمت ہیں،اسلام آبادمیں بلوچ خواتین کا بھارت میں تیار ہونے والا ڈرامہ فلاپ ہوگیا، مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔