عمران خان نے توشہ خانہ و القادر ٹرسٹ کیسوں میں جیل ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ و القادر ٹرسٹ کیسوں میں جیل ٹرائل چیلنج کردیا۔ سابق وزیراعظم اور بانی تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ نیب کیسوں میں جیل ٹرائل کے دونوں نوٹیفکیشنز کیخلاف درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردیں۔

عدالت عالیہ میں دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں 14 نومبر کو جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ توشہ خانہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن 28نومبر کو جاری ہوا۔ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشنز کو کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے زیر التوا رہنے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دائر دونوں درخواستوں میں چیئرمین نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔