لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے پاکستان میں کرسی بے وقعت ہے ،میں وزیراعظم نہیں تھا بلکہ ملازمت دی گئی ۔
لاہور کے الحمرا ہال میں تھنک فیسٹ 2024 میں کیا ”نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ہے“کے عنوان سے ڈسکشن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا اخلاقی جرات نہیں تو سیاستدانوں کو سیاست کرنے کا فائدہ نہیں، نواز شریف جس طرح اقتدارمیں آ رہے ہیں مجھے اختلاف ہے، نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کے بغیر 100کی بجائے 30 سیٹوں پر آجائیں لیکن مورال ڈاون نہ کریں۔
سابق وزیراعظم نے کہاپاکستان میں کرسی کی کوئی طاقت نہیں ہوتی، میں وزیراعظم نہیں تھابلکہ ملازمت دی گئی ، پی ٹی آئی چوری ،ن لیگ ڈکیتی کرکے اقتدار میں رہی، ن لیگ کےساتھ ہوں، خلاف الیکشن نہیں لڑوں گا،سیاست نہیں چھوڑی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاعمران خان کی ناکامی کے پیچھے چوری کا الیکشن ہے، حالت چوری کے الیکشن کی وجہ سے ہے،نیب سیاستدانوں کو ذلیل و خوارکررہا ہے، میں نیب کا سب سے پہلا گاہک ہوں، نیب کے خاتمے کےلئے شہباز شریف کوکئی بارکہا،پارٹی سے دوری کی وجہ مریم نوازنہیں ،مفتاح اسماعیل کو استعفیٰ نہ دینے کامشورہ دیا تھا کہا تھا ڈٹے رہیں لیکن (ن) لیگ کو مفتاح اسماعیل کو ذلیل کرکے استعفیٰ نہیں لینا چاہیے تھا۔
دریں اثنا سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا صرف شریف خاندان، بانی پی ٹی آئی اور بھٹو خاندان پرانحصاردرست نہیں،24کروڑ لوگوں کے ملک کے اندر کوئی فرد واحد تو آخری امید نہیں ہو سکتا مگر نواز شریف اس وقت سب سے بہتر امید ضرور ہو سکتے ہیں ،عوام کے منتخب وزیر اعظم کو اپنی منشا کے مطابق قانون کے اندر پیچیدگیاں نکال کر نکالنا جمہوریت کےخلاف تھا ،پاکستان میں کوئی بھی ادارہ کام نہیں کررہا ،اسحاق ڈار کو تنقید کا اختیار ہے تو مجھے بھی ہے۔
پاکستان میں کرسی بے وقعت، میں وزیراعظم نہیں تھا، ملازمت دی گئی ،شاہد خاقان عباسی

















