اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)حکم امتناع واپس،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کی ان کیمرہ کارروائی غیر قانونی قرار دیکر خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کے ان کیمرہ ٹرائل کےخلاف اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی،وران سماعت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے، اٹارنی جنرل نے دلائل دئیے، عدالت نے سائفر کیس ٹرائل کی 14 دسمبر کے بعد کی تمام کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم امتناع ختم کردیا۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 5صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا،فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے 14 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم اور بعد سے تمام عدالتی کارروائی کو غیر قانونی قرار دےدیا۔
5صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی عدالت نے 14 دسمبر کو ان کیمرہ کارروائی کا حکم جاری کیا جبکہ اٹارنی جنرل نے دوران سماعت خود کہا ان کیمرہ سماعت کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رہ سکتا،14دسمبر کے بعد سائفر کیس کی تمام کارروائی غیر قانونی ہے ،کوئی قانونی حیثیت بھی نہیں ، اٹارنی جنرل نے بھی خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے پر کہا حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جوڈیشل ریمانڈ دےدیا،راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کےخلاف 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کی طرف سے وکیل ملک فیصل اور شہباز کھوسہ پیش ہوئے،دوران سماعت پولیس نے عمران خان کے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا،عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں عمران خان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دے دیا۔
سائفر کیس کی ان کیمرہ کارروائی غیر قانونی،خصوصی عدالت کا فیصلہ کالعدم

















