راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور: (بیورو رپورٹ+ کورٹ رپورٹر) سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کے گرد گھیرا تنگ، جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار، توشہ خانہ ریفرنس میں اہلیہ سمیت فردجرم عائد، ضمانت درخواستیں مسترد، خصوصی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں2 دن کا جسمانی ریمانڈ دےدیا۔
راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز نے کیس پر سماعت کی۔ عمران خان کو طلب کیا گیا تاہم جیل حکام نے پیش کرنے سے معذرت کرلی جس کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی یقینی بنائی گئی۔ عدالت نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ہی تفتیش کرنے کی ہدایت کردی۔
دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا سانحہ 9 مئی کے 12 کیسوں میں 2 دن کا جسمانی ریمانڈ دےدیا، خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے فیصلہ سنایا، تمام تھانوں کی تفتیشی ٹیمیں ایک ساتھ اڈیالہ میں ہی تفتیش کر سکیں گی، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نہیں لے جایا جاسکے گا۔ عدالت نے 11 جنوری کو مکمل تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دےدیا، مقدمے کی مزید سماعت 11 جنوری کو صبح 10بجے دوبارہ اڈیالہ جیل ہوگی۔
ادھر احتساب عدالت نے توشہ خانہ، 190 ملین پاو¿نڈ ریفرنسز میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت درخواستیں مسترد کرکے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور اہلیہ بشریٰ پر فردجرم عائد کردی گئی۔ جج بشیر نے محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے ملزموں کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ، چارج شیٹ سننے کے بعد ملزموں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ بشریٰ کو 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں۔
احتساب عدالت نے ضمانت درخواستیں مسترد کرکے توشہ خانہ کیس پرسماعت 11 ،190 ملین پاونڈ ریفرنس میں فردجرم کیلئے17 جنوری کی تاریخ مقررکردی، نیب حکام آئندہ سماعت پر 12 گواہوں کو پیش کریں گے۔
مزید برآں توشہ خانہ کیس کی چارج شیٹ جاری کردی گئی۔ چارج شیٹ کے مطابق وزرات عظمیٰ کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اہلیہ بشریٰ نے مختلف ممالک سے ملنے والے 108تحائف میں سے 58خود رکھ لئے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا، توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں، تحقیقات میں معلوم ہوا بشریٰ کو سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا۔ بشریٰ، عمران نے توشہ خانہ قوانین کی خلاف ورزی کی ،ملزموں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحائف کی من پسند قیمت لگوائی،جیولری سیٹ کی 90لاکھ ادائیگی کی گئی۔
تحقیقات کے مطابق قیمت پرائیویٹ فرد سے لگوائی گئی جو اصل قیمت سے انتہائی کم تھی۔ جیولری سیٹ کی قیمت لگانے کیلئے دبئی کے ماہر سے بھی رابطہ کیا گیا، دونوں نے قومی خزانے کو 1573ملین کانقصان پہنچایا،شواہد، دستاویزی ثبوت اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ملزموں کیخلاف ٹرائل شروع کیا جائے، توشہ خانہ ریفرنس میں نیب ملزموں کےخلاف 20گواہ پیش کرےگا،تحفے کا پرائیویٹ طور پر تخمینہ لگانے والاشخص بھی بطور وعدہ معاف گواہ پیش ہو گا،سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری، ڈپٹی ایم ایس، ڈپٹی قونصلیٹ جنرل دبئی رحیم، توشہ خانہ کے سیکشن افسر،پی ایم آفس کے اسسٹنٹ سیکرٹری پروٹوکول زاہد سرفراز بھی گواہوں میں شامل ہیں۔
عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا توشہ خانہ کیس میں میرے خلاف آفس بوائے کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا، کیا میں آفس بوائے کے ذریعے اربوں کی کرپشن کروں گا؟ صحافی نے سوال کیا سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی ختم کردی کیا کہیں گے؟ جواب میں عمران خان نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات نہیں کروں گا، صحافی نے سوال کیا تاحیات نااہلی ختم ہونے سے ہوسکتا ہے مستقبل میں آپکو بھی فائدہ ہو، بانی پی ٹی آئی نے کہا کچھ نہیں کہوں گا، مخالفین کیخلاف پی ٹی آئی حکومت میں نہیں بنے، پہلے کے تھے، طاقتور کو قانون کے تابع کرنے کی کوشش پر مجھے سزا دی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کےخلاف درخواستیں سماعت کےلئے مقرر کرلیں۔ عدالت عالیہ کے جج جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ 12 جنوری سے سماعت کرے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے190 ملین پاو¿نڈ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر، زلفی بخاری، فرخ گوگی کے تمام اثاثے ،بینک اکاو¿نٹس منجمد، ملزموں کے نام رجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم دےدیا،عدالت نے اشتہاری قرار دینے کے بعد تمام ملزموں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ مزید برآںنیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی فرح گوگی کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
رپورٹ کے مطابق فرح گوگی پاکستان میں متعدد پلاٹس،گھر اور گاڑیوں کی مالک ہیں۔ لاہور 5، اسلام آباد 4، نام ڈی ایچ اے لاہور میں 4 اور 10 مرلے کے پلاٹ ہیں۔ فرح گوگی کے نام نجی ہاوسنگ سوسائٹی لاہور میں اڑھائی اور4 مرلے کے پلاٹ بھی ہیں۔ اسلام آباد میں ایک 40 اور 2100 کنال کی زمین ٹرانسفرکی گئی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا فرح گوگی کے نام کروڑوں مالیت کی مختلف گاڑیاں بھی ہیں، پاکستان میں 22 گاڑیاں، کراچی، لاہورکے مختلف بینکوں میں 29 بینک اکاونٹس رجسٹرڈ ہیں۔
عمران جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار،توشہ خانہ ریفرنس میں اہلیہ سمیت فرد جرم عائد،12مقدمات میں جسمانی ریمانڈ

















