گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) رہنما مسلم لیگ (ن) اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ نوازشریف بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی اعلیٰ ترین عدالت سے سرخرو ہوئے ہیں۔خرم دستگیر کے مطابق گزشتہ روز کے فیصلے کا اہم زاویہ ہے کہ پانامہ اور اقامہ کا تھیٹر اپنے اختتام کو پہنچا، نواز شریف کو سیاست سے باہر رکھنے کا ڈرامہ بھی ختم ہوچکا۔انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اب غیر قانونی جے آئی ٹی نہیں بنے گی،فیصلے کے بعد کشمیر کا سودا کرنے والے اب صادق اور امین نہیں رہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں پر حملے اور بے حرمتی کرنے والے صادق اور امین نہیں رہے، مولانا فضل الرحمن قابل عزت ہیں، ان کا مطالبہ سیاسی بنیاد پر نہیں، وہ امن و امان کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر کرنے کی ڈیمانڈ کررہے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، دکھ ہے صرف چند ووٹ لینے کیلئے ان کی طرف سے بہت سخت الفاظ بولے گئے۔
پانامہ، اقامہ تھیٹر، نوازشریف کو سیاست سے باہر رکھنے کا ڈرامہ اختتام کو پہنچا :خرم دستگیر
















