لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں سردی کی شدت میں کمی نہ آ سکی، میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا ، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے اطراف شدید دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن منگل کے روز بھی متاثر رہااور متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں خون جما دینے والی سردی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، عوام نے شدید سر دی میں غیر ضروری سر گرمیاں معطل کر دی ہیں جس کی وجہ سے بازاروں اور مارکیٹوں میں صرف ضروری اشیاءکی خریداری کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز بھی میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارنگ منڈی، نارووال، سرگودھا، بدوملہی، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازیخان سمیت ملک کی میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کاا مکان ہے۔حد نگاہ خطرناک حد تک کم ہونے کی وجہ سے موٹروے ایم 4 کو شور کوٹ سے پنڈی بھٹیاں اور موٹروے ایم 5 کو شیر شاہ سے اوچ شریف تک ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا ۔ترجمان کے مطابق موٹر وے کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔دھند کے باعث فضائی آپریشن بھی معطل رہا ۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 3 پروازیں مختلف ایئر پورٹس پر منتقل جبکہ 15 منسوخ کر دی گئی ہیں، نجی ایئر لائن کی جدہ سے ملتان کی پرواز پی اے 871 کراچی میں اتار لی گئی۔پی آئی اے کی ابوظہبی سے پشاور کی پرواز پی کے 218 اور دبئی سے پشاور کی پرواز پی کے 284 کی اسلام آباد لینڈنگ کرائی گئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن کی شارجہ سے اسلام آباد کی پرواز ای آر 407، مانچسٹر سے اسلام آباد کی پرواز ،اسلام آباد سے ریاض کے درمیان نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 807 اور 808، اسلام آباد سے کوئٹہ کیلئے پرواز ای آر 540 اور 541 ،لاہور سے دبئی کی پرواز ای آر 724 اور نیننگ، چین کی پرواز وائی جی 9147، نجی ایئر لائن کی ملتان سے دبئی کی پرواز پی اے 811، کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 310 اور 311، لاہور کی پرواز پی کے 304 اور ای آر 520، کراچی سے اسلام آباد کی پرواز ای آر 503 اور نینگ، چین سے کراچی کی پرواز وائی جی 9143 بھی منسوخ کر دی گئیں۔2024 کے آغاز کے بعد سے اب تک پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس کیلئے 300 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔
خون جمانے والی سردی کا سلسلہ جاری، نظام زندگی مفلوج، عوام گھروں میں محصور

















