اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے ”مخصوص تشویش کا ملک“ قرار دیئے جانے کی امریکی رپورٹ دو ٹوک الفاظ میں مسترد کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا متعصبانہ ،من مانی پر مبنی بیان زمینی حقائق کے برعکس ہے، پاکستان مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والا ملک ،بین المذاہب ہم آہنگی کی بھرپور روایت ہے، تحفظات سے امریکہ کو آگاہ کریں گے،دفتر خارجہ نے کہاآئین کے مطابق پاکستان نے مذہبی آزادی کو فروغ دینے ،اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے ، گہری تشویش ہے مذہبی آزادی کے سب سے بڑے اور مسلسل خلاف ورزی کرنےوالے بھارت کو پھر امریکی محکمہ خارجہ کی نامزد فہرست سے خارج کر دیا گیا ۔
دفترخارجہ نے کہا امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کی واضح سفارشات کےساتھ بین الاقوامی انسانی حقوق کے علم برداروں کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے ساتھ بھارت کے ناروا سلوک پر اٹھائے گئے عوامی خدشات کے مترادف ہے، یقین ہے امتیازی، یک طرفہ کوششیں نقصان دہ ہیں،عوامل عالمی سطح پر مذہبی آزادی کو آگے بڑھانے کے مشترکہ مقصد کو نقصان پہنچاتے ہیں، پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے مذہبی عدم برداشت اسلامو فوبیا کے عصری چیلنج کا مقابلہ باہمی افہام و تفہیم اور احترام کی بنیاد پر تعمیری اجتماعی کوششوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔
مذہبی آزادی ،اقلیتیں محفوظ، امریکی رپورٹ حقائق کے برعکس ہے:پاکستان
















