موسم شدید سرد، بالائی علاقوں میں بارش، برف باری سے زندگی متاثر

لاہور/ کوئٹہ/ پشاور/ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ بیورو رپورٹ) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، مختلف مقامات پر بارش اور برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے،میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیاجبکہ دھند کے باعث 12 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ۔ مغربی ہواﺅں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے کے باعث صوبے کے 20سے زائد اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔کان مہترزی اور کنچوغی میں میں بھی برف باری اورمسلسل کی وجہ سے سردی کی شدت میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ۔توراغبرگوئی،رود ملاذئی اور زیارت میں بھی برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق افغانستان سے مغربی سسٹم ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث شمالی بلوچستان میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی لپیٹ میں آئے علاقوں میں درجہ حرارت مزید نیچے جانے کا امکان ہے ،سائبیرین ہواو¿ں کی رفتار میں اضافے کے باعث آئندہ چوبیس گھنٹوں سے کراچی میں بھی سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مضافتی علاقوں میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر کا فضائی معیار بھی متاثر ہونے لگا ۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں ہوائیں 18 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ سائبرین ہواو¿ں کی رفتار میں اضافے کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی پانچویں نمبر پر رہا جبکہ ائیر کوالٹی انڈیکس 182 ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی شدید دھند کا راج رہا ۔شدید دھند کے باعث ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر 22 ملکی و غیرملکی پروازیں منسوخ کردی گئیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہوئیں ،اتوار کے روز بھی 35 پروازیں منسوخ ہوئیں۔