نگران حکومت نے محدود مدت میں عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کردی :ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت نے محدود مدت میں عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کردی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں حکومت نے پنجاب بھر میں ترقیاتی سکیموں کا جال بچھا دیا، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن سمیت متعدد فلاحی منصوبے مکمل ہوچکے جبکہ مفاد عامہ کے کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اپنے آفس میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات بارآور ثابت ہورہے ہیں، حکومتی اقدامات کے باعث معشیت اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں بن رہی ہیں، صنعتکاروں اور تاجروں کی مشاورت سے پنجاب کے بڑے شہروں میں بزنس سہولت مرکز بن رہے ہیں، وفاقی ایوان صنعت و تجارت کو حقیقی معنوں میں بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ادارہ بنائیں گے، ایس ایم تنویر نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو نئے کارخانے لگانے کیلئے سازگار ماحول دیا ہے جس سے صوبے میں نئی سرمایہ کاری آرہی ہے۔