لاہور (اپنے نمائندے سے) نائب امیر جماعت اسلامی امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 123/128 لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی حکومتوں نے عوام کو مفلوک الحال اور ملک کو قرضوں کی دلدل،بد امنی،بے روز گاری،لاقانونیت کی دلدل میں دھکیلا ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے اور ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار سابقہ پی ڈی ایم کی حکومت ہے۔اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت سے پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کا انتخابی منشور خوشحال عوام و پاکستان کی ضمانت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم ٹاو¿ن میں اپنی رہائشگاہ پر این اے 128 اور پی پی 169 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا ہے۔اس موقع پر پی پی 169 سے جماعت اسلامی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار احمد سلمان بلوچ،عامر نثار،مستقیم معین،احمد عمیر و دیگر بھی موجود تھے۔ورکرز کنونشن میں معذورافراد سمیت خواتین و بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی انتخابات 2024 میں پاکستان کو اسلامی، خوشحال اور کرپشن فری پاکستان بنانے کے تعمیری جہادی جذبے سے ملک گیر مہم چلارہی ہے۔ 76 سال سے سیاست، جمہوریت اور ریاست مافیاز کے قبضے میں ہے۔ پاکستان کو عزت، وقار اور عالمی برادری میں بلند مقام دلانے کیلئے ووٹرز کی طاقت سے مافیاز کو شکست دیں گے۔ دینی، نظریاتی، فلاحی اور اعلیٰ مقاصد کی سیاست ہی بحرانوں کا خاتمہ کرسکتی ہے۔ انتخابات 2024 کیلئے پی پی پی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی نے ثابت کردیا کہ وہ آزمائے اور ناکارہ، فرسودہ اور بیوفا و نااہل افراد پر ہی انحصار کررہی ہیں۔عوام کیلئے انتخابات 2024 بہت بڑا امتحان اور ان آزمائے ہوئے ناکارہ و ناکام پارٹیوں سے نجات کا ایک سنہری موقع ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں نے اسلامی اور خوشحال پاکستان کیلئے جوہری کردار ادا کرنا ہے. جماعتِ اسلامی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے اہل، دیانت دار، محب دین، محب وطن، عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار اور ملک کی تعمیر و ترقی کا جذبہ رکھنے والے امیدوار انتخابی میدان میں اتاردیے ہیں. انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں گے اور انتخابی ضابطہ اخلاق توڑنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ لاہور کی سیاست کو زہریلی پولرائزیشن اور ناکارہ فرسودہ مافیاز سے آزاد کرائیں گے۔ لاہور کی تعمیری اور نظریاتی فلاحی سیاست پنجاب کے سیاسی چہرے پر لگے داغوں سے نجات دلائے گی.
جماعت اسلامی کا انتخابی منشور خوشحال عوام و پاکستان کی ضمانت ہے: لیاقت بلوچ
















