انتخابات سے قبل ہی بڑے بڑے برج الٹ گئے عمران،قریشی سمیت در جنوں کے کاغذات نامزدگی مسترد

لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور،کوئٹہ،میانوالی،لاڑکانہ،سیالکوٹ،فیصل آباد:(اپنے نمائندے سے،بیورورپورٹ)عام انتخابات سے قبل ہی بڑے بڑے برج الٹ گئے،عمران ،قریشی ،پرویزالٰہی،عمر ڈار کی والدہ اوربھاوج سمیت در جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد،نواز،شہباز،مریم،بلاول بھٹو،سنجرانی، سراج الحق،عابد شیر علی، علی افضل سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

ریٹرننگ افسروں نے عمران خان سمیت سمیت پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مختلف اعتراضات کی بنیاد پر مسترد کیے،این اے 122لاہور توشہ خانہ کیس میں نااہلی اور میانوالی سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ڈیفالٹر و سزا یافتہ ہونے کی بنیاد پر کاغذات مسترد کیے گئے،ریٹرننگ افسر لاہور نے 8صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا امیدوار کے تائید کنندہ کا تعلق حلقے سے نہیں ۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے والوں میں پرویز،مونس الٰہی ،سابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ قیصرہ الٰہی،شاہ محمود قریشی،زین قریشی ،مہربانو ،قاسم سوری،اسد قیصر،اعظم سواتی ،زلفی بخاری،شیخ رشید،راشد شفیع،اعجازالحق،عمران خان کے حقیقی کزن عرفان خان،علی خان ،حماد اظہر،طفیل انجم ،یاسمین راشد،جمیل اصغر بھٹی،عاطف ،مسرت چیمہ،جمشید اقبال ،علی اسجد ملہی، باو¿ رضوان ،ناصر ،جمال چیمہ،عمران یوسف گجر ودیگر شامل ہیں۔


سردار حسنین بہادر دریشک،سردار اختر مینگل ،عثمان ڈار کی والدہ،بھابھی،فہمیدا ،ذوالفقار مرزا، مراد سید، فضل حکیم، مشتاق غنی ،شہرام خان ودیگر بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے والوں کاحصہ ہیں۔

آر او اقبال سنگھیڑا کے مطابق عثمان ڈار کی والدہ،بھاوج کے ذمہ سوشل سکیورٹی کے 4 لاکھ 12 ہزار روپے واجب ہیں، دونوں امیدواروں کے پاس گودپور کے علاقے میں کنال کنال کے 2پلاٹ ہیں لیکن ذکر نہیں کیا۔

دریں اثنا عثمان ڈار کے بھائی عمر ڈار کو اغوا کرلیا گیا ،بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی،درخواست میں کہا گیا عمر ڈار گزشتہ رات نجی ہوٹل پر کھانا کھانے کےلئے گئے، 40 سے زائد افراد نے اغوا کرلیا ،پولیس یونیفارم والے افراد بھی شامل تھے، مغوی کی والدہ سیالکوٹ سے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں، خاندان کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشان بنایا جا رہاہے، عدالت عمر ڈار کو بازیاب کرائے۔

ادھر سابق وزرائے اعظم نواز،شہباز،مریم،حمزہ ،سابق صدر آصف زرداری،بلاول بھٹو،صادق سنجرانی، سراج الحق، علی افضل،رانا ثنا،سردار ایاز صادق،سعد رفیق ،سلمان اکرم راجہ ،شفقت محمود ،سیف الملوک کھوکھر ،بلال اظہر کیانی ،جاوید ہاشمی ،عامر ڈوگر ،احسان افضل ،راجہ ریاض، رانا احسان افضل ،ندیم افضل چن، صہیب احمد بھرتھ،جہانگیر ترین،علیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

فردوس عاشق اعوان ،عطا تارڑ،عون چودھری ،رانا مبشر اقبال،شیخ وقاص اکرم، غلام بی بی بھروانہ ،محبوب سلطان ،عابد شیر علی ،شیخ خرم شہزاد،ملک عمر فاروق، عادل رفیع چیمہ ،عبدالقادر گیلانی، سید جاوید علی شاہ ،رانا شاہد،نادر گبول، خلیل ہوت، مولانا نورالحق، یوسف ،یاسر صدیقی ،نعیم ناگوری ، ابرار الحق، اکمل خان باری، علی اعجاز نٹر،چودھری نثار ،اعظم خان نیازی ،بجاش نیازی ،رانا مشہود ،عثمان بزدار،فریال تالپور،راشد سومرو، ناصر محمودودیگر بھی الیکشن کیلئے اہل ہوگئے۔

ریٹرننگ افسروں نے مریم نواز کے لاہور سمیت چاروں حلقوں سے کاغذات منظور کیے،ملک میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں پراپیلیں اتوار سے دائر ہوسکیں گی،ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلوں کا عمل 3 جنوری تک جاری رہے گا ،10جنوری تک اپیلٹ ٹریبونلز میں اپیلوں پر سماعت ،فیصلے ہوں گے،انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی ،کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری ہے،انتخابی نشان 13 جنوری کو جاری کیے جائیں گے ،پولنگ8فروری کو ہوگی۔

مزید برآں پی ٹی آئی کے سابق وزرا ،ااراکین اسمبلی کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی سفارش اور کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

درخواستوں میں صوبائی حکومت،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ،آئی جی پی و متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا درخواست گزار پرامن شہری ہیں ،شیڈول فور میں نام ڈالنے کےلئے ضروری ہے شخص کسی دہشت تنظیم کا رکن ہو یا فنڈنگ کرتا ہوں،ہائیکورٹ ضلعی انتظامیہ کی سفارشات کو کالعدم قراردے۔

علاوہ ازیں54 پی ٹی آئی رہنماوں ، امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی،درخواست میں کہا گیا پارٹی رہنماوں، ورکرز اور امیدواروں کےخلاف کارروائیاں روکی جائیں، امیدواروں کو ہراساں کیا جارہا ہے،انتخابی عمل میں حصہ لینے نہیں دیا جا رہا، امیدواروں، تائید و تجویز کنندگان کو آر اوز کے دفاتر سے گرفتار کرکے نگراں حکومتیں پی ٹی آئی کو آئینی حق سے محروم کر رہی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے ریاستی مشینری پوری شدت سے پی ٹی آئی کیخلاف متحرک ہے، پی ٹی آئی امیدواروں کو آر اوز دفاتر میں داخلے سے روکا گیا،تمام ہتھکنڈے اختیارات کے ناجائز استعمال ،انتخابی عمل میں مداخلت کی بدترین مثال ہے، تمام حربے الیکشن کمیشن کی آئینی فرائض کی انجام دہی میں واضح ناکامی کا ثبوت ہےں،پی ٹی آئی کے ٹائیگر8فروری تک ڈٹے رہیں گے اور ثابت قدم رہیں گے۔

دوسری جانب5 برسوں میں عمران خان کے اثاثوں میں 27 کروڑ 72 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا،دستاویز کے مطابق 2018 میں بانی پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی ،2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ،تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ سے زائد خرچ کیا گیا،بنی گالہ میں 300 کنال اراضی کو تحفے کے طور پر ظاہر کیا گیا ،تزئین و آرائش و ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ بتایا گیا۔

عمران خان نے اسلام آبادکے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے کی اراضی ، شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان ،اسلام آباد کے پلازے میں 3کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا 2 کمروں کا فلیٹ بھی ظاہر کیا ،بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی ظاہر کی گئی، بانی پی ٹی آئی کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد نقد ،اسلام آباد کے مختلف بینک اکاو¿نٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہے، توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیا کی قیمت ایک کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی۔

مزید برآںپی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کروڑوں کی مالک نکلیں،دستاویز کے مطابق زرتاج گل کے اثاثوں کی کل مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ 2ہزار974 ہے،اثاثوں میں 7لاکھ67ہزار259 روپے کی کمی ہوئی ، زرتاج گل کے والد نے 55تولہ سونا بطور تحفہ دیا،زرتاج گل کے 3بینکوں میں 42لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے گزشتہ برس 2لاکھ35ہزار سے زائد ٹیکس ادا کیا ، زرتاج گل کے فرنیچر کی مالیت 30ہزار روپے ہے۔