میلبرن ٹیسٹ : شاہینوں کا کم بیک، آسٹریلیا کے 6 کھلاڑی آؤٹ

میلبرن: ( ) میلبرن ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنا لیے اور کینگروز کو 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔



آسٹریلیا نے دوسری اننگز شروع کی تو شاہین جھپٹ پڑے، دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔

ابتدائی 2 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ سے میر حمزہ نے بھی وکٹیں حاصل کرنا شروع کر دیں۔

آسٹریلوی اننگ کے 5.1 اوور میں میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز پر بولڈ کیا اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بھی بولڈ کر کے اپنی دھاک بٹھا دی۔

جلد 4 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ اور مچل مارش نے پارٹنرشپ قائم کی، مچل مارش نے 70 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کی۔

سٹیو سمتھ اور مچل مارش کی پارٹنرشپ کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی 49.5 اوورز میں میر حمزہ نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اڑائی، مچل مارش کو 96 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

مچل مارش کے بعد سٹیو سمتھ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے اور 50 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔