مریدکے(نمائندہ خصوصی) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے حوالے سے متحدہ پریس کلب مریدکے میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈی ایس پی سرکل مریدکے ملک طاہر صدیق، ایس ایچ او تھانہ سٹی ولی حسن پاشا اور ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر ظہیر عالم شاہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
کیک کاٹنے کے بعد بانی پاکستان کوخراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایس پی ملک طاہر صدیق نے کہا قائد اعظم ایک شخص کا نام نہیں بلکہ جدوجہد اور اعلی کردار کا نام ہے جس کی بدولت پاکستان جیسا عظیم ملک معرض وجود میں آیا۔
پولیس افسروں سید ظہیر عالم شاہ اور ولی حسن پاشا نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے عظیم احسان کی بدولت آج کروڑوں مسلمان آزاد اور خود مختار ملک کے باسی ہیں۔
متحدہ پریس کلب کے چیئرمین سپریم کونسل سید سجاد الحسن شیرازی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد آزادی نے فقط30کروڑ مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی ایشاءکو امن کی فضا فراہم کی۔ انہوںنے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کو اگر الگ آزاد وطن نہ ملتا تو آج پورا خطہ بد امنی کا شکار ہوتا۔
پریس کلب کے صدر حاجی کبیر اشرف نے اپنے خطاب میں کہاقائد اعظم اور ساتھیوں کی عظیم جدوجہد نے آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی جو عالم اسلام کا فخر ہے۔ تقریب سے چیئرمین سید قاسم علی شا، سابق سیکرٹری سعادت علی، وائس چیئرمین قیصر جمیل مرزا، جنرل سیکرٹری عاصم ضیا، سینئر نائب صدر حاجی شیخ شان، فنانس سیکرٹری نصیر احمد، شیخ طارق محمود، خواجہ عامر حمید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
یوم پیدائش قائد اعظم ،متحدہ پریس کلب مریدکے میں کیک کاٹا گیا
















