امن کے فروغ کیلئے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

کراچی (مشرق نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت ، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تسلیم اور ان کا تحفظ کرتا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، ملک میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر دئیے گئے بیان میں کہا کہ بابائے قوم کے147 ویں یوم پیدائش پرپاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائداعظم کی انتھک محنت سے برصغیرکے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کا قیام عمل میں آیا۔