اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاڑکانہ (بیورو رپورٹ+ اپنے نمائندے سے) عام انتخابات کیلئے کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا، اتوار کی چھٹی کے باوجود ملک بھر میں تمام ریٹرننگ، اسسٹنٹ افسر، عملہ آر او آفس میں موجود رہا، سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی۔
، الیکشن کمیشن حکام نے کہا کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں اضافہ نہیں کیا گیا، نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 30 دسمبر تک ہوگی، ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر ہوں گی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری کو ہوگی۔
ادھر نامور سیاستدانوں سمیت سینکڑوں سیاسی و سماجی کارکنوں، آزاد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ رہنماﺅں میں عمران خان، نوازشریف، آصف زرداری، شہبازشریف، بلاول بھٹو، جہانگیر ترین، علیم خان، یوسف رضا گیلانی، مریم نواز، حمزہ شہباز، پرویز الٰہی، فضل الرحمن، سراج الحق، پرویز خٹک، چودھری نثار، یاسمین راشد و دیگر شامل ہیں۔
لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر 150 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، 30 صوبائی حلقوں میں 350 سے زائد امیدوار قسمت آزمائیں گے، مریم نواز 5 حلقوں سے الیکشن لڑیں گی۔ بلاو ل بھٹو لاہور، شہبازشریف کراچی، قصور سے بھی امیدوار ہوں گے۔
صدر مسلم لیگ (ن) کا مصطفی کمال، قادر مندوخیل سے مقابلہ متوقع ہے، ٹک ٹاکر صندل خٹک بھی انتخابی میدان میں کود پڑیں، خیبرپختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشست کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، باجوڑ میں پہلی بار خاتون الیکشن لڑنے کیلئے میدان میں آگئی، کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، سلطنت نے کہا باجوڑ میں خواتین کیلئے تعلیمی، صحت، روزگار و دیگر مواقع پیدا کرنے کے جذبے سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں، کامیابی ملی تو خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کروں گی۔
دریں اثنا لیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کردی، فہرست میں 175 سیاسی جماعتیں شامل ہیں، پارٹی سربراہوں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام ہٹا دیا گیا، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بغیر قیادت کے ظاہر کیا، پرویز خٹک کی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کو بطور سیاسی جماعت فہرست میں شامل ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی ترجیحی لسٹ روک لی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مخصوص نشستوں پر ترجیحی لسٹ بھجوائی گئی، ای سی پی نے کہا انٹرا پارٹی الیکشن فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لے لیا، انتخابی نشان نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کی ترجیحی لسٹ جاری نہیں کی گئی۔
مزید برآں خواتین کی مخصوص نشستوں پر سیاسی جماعتوں نے ترجیحی لسٹیں جمع کرا دیں۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب سے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حنا ربانی کھر کو پہلے نمبر پر رکھا، ثمینہ خالد گھرکی، نتاشہ دولتانہ، نیلم جبار، شگفتہ چودھری، سیدہ سمنہ رضا کا نام بھی شامل ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، مریم اورنگزیب، نزہت صادق، مسرت آصف خواجہ، سیما جیلانی، شزا خواجہ، رومینہ خورشید عالم، وجیہہ قمر، زیب جعفر، کرن ڈار، انوشہ رحمن، زہرہ ودود فاطمی، آسیہ ناز تنولی، صبا صادق، فرح ناز اکبر، شہناز سلیم، منیبہ اقبال، عفت نعیم اور ثمین اختر نیازی کے نام دئیے گئے۔ آئی پی پی کی ترجیحی لسٹ میں منیزہ حسن، فردوس عاشق اعوان اور آسیہ عظیم حصہ ہیں۔
اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں مسلم لیگ (ن) سب سے زیادہ 14، پی پی 6 اور استحکام پارٹی نے 3 امیدوار نامزد کئے، پی ٹی آئی کی فہرست شامل نہیں کی گئی، جماعت اسلامی 4، پاکستان نظریاتی پارٹی ایک اور تحریک لبیک پاکستان نے 2 امیدواروں کے نام دئیے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں، آزاد امیدواروں کیلئے بینرز چھاپنے کی ہدایات جاری کردیں۔ ہدایت نامہ کے مطابق مقررہ سائز سے بڑے پوسٹرز، پمفلٹ یا بینرز کی اجازت نہیں ہوگی۔ پوسٹرز کی لمبائی 18 ،چوڑائی 23 سے زیادہ نہ ہو، ہینڈ بل، پمفلٹ ،کتابچے 9 انچ لمبے اور 6 انچ چوڑے ہوسکتے ہیں، بینرز 3 فٹ لمبا،9 انچ سے زیادہ بڑا نہیں ہونا چاہئے، پورٹریٹ تصویر 2 فٹ لمبی اور 3 فٹ چوڑی ہوسکتی ہے۔
ہر اشتہاری مواد پر پبلشر کا نام اور پتہ لکھنا لازم ہے ،قرآنی آیات سمیت مذہبی مواد کی طباعت غیرقانونی ہے، ہورڈنگز، بل بورڈز، وال چاکنگ، پینافلیکس پر مکمل پابندی ، الیکشن مہم میں سرکاری اہلکار کی تصویر لگانا غیر قانونی ہوگا، خلاف ورزی پر امیدواروں کےساتھ پبلشر کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔
عام انتخابات ،کاﺅنٹ ڈاﺅن شروع،پارٹی سربراہوں سے عمران کا نام فارغ،ECPنے PTIکی ترجیحی لسٹ روک لی
















