اسلام آباد،راولپنڈی(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے دکھ ہوا،پلان بی موجودہے،بلے کا نشان واپس لینے کےلئے عدالت جائیں گے،امید ہے سپریم کورٹ مداخلت کرے گی اور انتخابی نشان بحال ہوگا۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاسائفرکیس کو اوپن ٹرائل نہیں سمجھتا، بڑی عجلت میں ساری چیزیں ہورہی ہیں، سپریم کورٹ نے واضح کہا سب کچھ کریں،کرمنل ٹرائل عجلت میں نہیں کیاجاسکتا، سوائے ہمارے کسی کا بھی کرمنل ٹرائل عجلت میں نہیں ہورہا،جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ،ٹرائل غیر قانونی طریقے سے چلایا جارہا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، سب پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کیلئے کیا جارہا ہے،ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں، عدالتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے، سائفر کیس میں کوشش کی جارہی ہے کوئی باہر نہ جاسکے، ابھی کوئی سرٹیفائیڈ کاپیز بھی فراہم نہیں کی گئیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاعام انتخابات صاف و شفاف نہ ہوئے تو ملک میں افراتفری پھیلے گی، کوشش ہونی چاہیے الیکشن فری اینڈ فیئرہوں اگر ایک پارٹی سے انتخابی نشان واپس لیا گیا توجمہوریت کو نقصان ہوگا،پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا پی ٹی آئی امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرانے دئیے جارہے،انٹرپارٹی انتخابات پرالیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائیکورٹ ،سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے، عدلیہ سے درخواست ہے پٹیشن کو جلد سماعت کیلئے مقرر اور بلے کا نشان واپس دیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہابانی چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی ہدایت کردی،الیکشن کمیشن نے آرڈر میں کوئی ذکر نہیں کیا جنہوں نے درخواستیں جمع کرائیں کیا وہ پی ٹی آئی کا حصہ تھے یا نہیں،بلا 70 فیصد عوام کی نشانی ہے، کوئی بھی نشان الاٹ ہو وہ آپ سے کوئی نہیں چھین سکتا،اقدامات سازش کا حصہ ہیں،الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، پارٹی ویسے ہی چلائیں گے جیسے چل رہی ہے، انتخابی نشان روکنے پر نشستیں آزاد امیدواروں کو ملیں گی، بانی چیئرمین پارٹی کے سربراہ ہیں اورہمیشہ رہیں گے۔
قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمانے کہا الیکشن کمیشن کا فیصلہ بہت کمزور ہے، فیصلے سے دکھ ہوا ،پاس پلان بی بھی موجود ہے،اپنے امیدواروں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی ہدایت کردی۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا فری اینڈ فیئر اور مضبوط جمہوری حکومت ہی تمام مسائل کا حل ہے،اسلام آباد کے تینوں حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ، بانی پی ٹی آئی نے بھی کہا عدلیہ دیکھے ملک کے کیا حالات ہیں،شعیب شاہین نے کہا سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈ پرانتہائی اہم فیصلہ دیا، الیکشن کمیشن نے بلے کا نشان واپس لیکر بدلہ لیا، پی ٹی آئی امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جا رہے ہیں،عوام ساتھ کھڑے ہیں۔
پلان بی موجود ہے،عدلیہ سے ”بلا“بحال ہوگا،پی ٹی آئی

















