حکومت کسی پر بھی پابندی لگا سکتی، الیکشن آئینی ضرورت، کراکے جائیں گے، نتیجے پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، وزیراعظم

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن آئینی ضرورت ہے، کراکر جائیں گے، نتیجے پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، انتخابات نہ کراتے تو داغ ہوتا۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا الیکشن صاف، شفاف اور منصفانہ ہوں گے تاہم نتیجے پرکچھ نہیں کہا جاسکتا، جماعتوں کو اپنے ووٹرز کو کچھ نہ کچھ تو کہنا ہے، لسبیلہ میں جام کے مقابلے میں اگر غیرمعروف آدمی الیکشن جیت جائے تو بڑی بات ہوگی، بلوچستان میں ہر حلقے پر پیشگوئی کی جاسکتی ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا الیکشن کے داغدار، غیرداغدار ہونے کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتا، اگر الیکشن نہ کراتے تو داغ ہوتا، الیکشن کرائیں گے اور الیکشن کمیشن انعقاد کریگا، بالکل نارمل عمل ہے، انتخابات کیلئے سکیورٹی اچھی ہوگی، الیکشن کرانا آئینی ضرورت ہے، کوشش ہے کسی سکینڈل کی زد میں نہ آئیں، قوم پرست سمجھتے ہیں تمام چیزیں انکی نظر سے دیکھی جائیں، قوم پرست ہر چیزکواپنی نظرسے دیکھتے ہیں، بلوچستان میں لوگ کہتے ہیں شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔

انوار الحق کاکڑ نے واضح کیا عام انتخابات صاف وشفاف ہوں گے، نگران حکومت پر داغ لگنے کی بات مناسب نہیں، سیاسی جماعتوں کا بیانیہ سچ ہوسکتا ہے اور نہیں بھی، فیصلہ عوام کو کرنے دیں، جنہیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملی وہ کونسا داغ لےکر گئے، لوگوں کے استحصال کی بالکل اجازت نہیں دیں گے، سب کو پتہ ہے نوکریاں بکتی ہیں، نوکریوں کیلئے 10-20 لاکھ روپے لیے جاتے ہیں، دو نمبری کا بازار گرم نہیں ہونے دیں گے، نوکریوں کی فروخت کے معاملے پر مزاحمت کریں گے۔

وزیراعظم نے کہاغیرقانونی تارکین وطن کی پالیسی میں تبدیلی نہیں ہوگی، سوئی گیس میں صرف بلوچستان کو استثنیٰ دیا گیا، سرد موسم میں لوگوں کو تنگ نہیں کرنا، نگران حکومت کے پاس نئے منصوبوں کا مینڈیٹ نہیں، سب دن گنتے ہیں کاکڑ کب جائیگا، ہم اور آپ سب کے درمیان احترام کا رشتہ ہے، کسی پر طنز کرنا مناسب بات نہیں۔

دریں اثنا طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا تشدد کو جواز بنا کر انسانی حقوق کا نام دینا کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت قوانین کے تحت کسی پر بھی پابندی لگا سکتی اور ختم کرسکتی ہے، معاشرے میں زبان، مذہب اور نسل کے نام پر گروہ بنانے والے جواز پیش کرتے ہیں مگر جواز کوئی نہیں، تشدد کو جواز بنانے اور آواز اٹھانے کیلئے آئین نے قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن لڑنے کی اجازت دی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا 8 فروری کو الیکشن ہورہے ہیں، تمام شہری کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں اور کسی پر کوئی پابندی نہیں، سیاسی طور پر منتخب ہوکر جائیں اور پھر اپنے مسائل پر ایک فورم پر بھرپور انداز سے آواز اٹھائیں، تشدد کو جواز کی بنیاد پر تسلیم کرنا ہے یا نہیں فیصلہ ریاست کریگی، کالعدم تنظیم کے لوگ تشدد و قتل و غارت کرتے تھے۔ بی ایل اے، بی ایل ایف بھی یہی کرتی ہے۔ نگراں وزیر اعظم نے نوجوان بالاچ قتل کا نام لئے بغیر کہا ابھی ایک شخص ہلاک ہوا جس کی تحقیقات ہورہی ہیں مگر کوسٹل ہائی وے پر 15 لوگ جل گئے، کسی نے آواز نہیں اٹھائی، رحیم یار خان سے آئے مزدوروں کوحفاظت کیلئے تھانے میں رکھا گیا، دہشت گردوں نے پولیس اور مزدوروں کو قتل کیا مگر کسی نے انسانی حقوق کی آواز نہیں اٹھائی، کیا انسانی حقوق کیلئے مخصوص ہونا ضروری نہیں۔

وزیراعظم نے کہا حکومت کے پاس بہت ساری معلومات ہیں اور قانون کے تحت میڈیا میں اظہار کی اجازت دینے یا نہ دینے کا استحقاق رکھتی ہے، میڈیا کو آزادی اظہار رائے بھی قانون کے تحت ہی حاصل ہے۔ وزیراعظم نے اسامہ بن لادن اور ایمن الظواہری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا دونوں کوکیوں آکسفورڈ میں نہیں بلایا گیا؟ اسلئے کہ ہر چیز کے قوانین ہوسکتے ہیں، قوانین کے تحت کسی پر بھی پابندی لگا سکتے اور ختم کرسکتے ہیں، آئین کے تحت کسی کو بھی ملیشیا بنانے کی اجازت نہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاپاکستان کا مستقبل روشن ہے،معاشی لحاظ سے ملک میں ترقی کے بے شمار مواقع ہیں، ملکی آبادی کا 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان قیمتی سرمایہ ہیں جو ملکی ترقی کی راہ متعین کریں گے،دنیا کی بڑی آبادی خطے میں رہائش پذیرہے، آئندہ 10 برسوں میں چین ،خطے کے ملکوں میں 36 ٹریلین ڈالر کی تجارت متوقع ہے۔

وزیراعظم نے کہاسوا مہینے بعد میرا حکومت میں کردار ختم ہوجائیگا، منصب سے فارغ ہونے کے بعد اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، فعال جمہوریت ملک میں سیاسی استحکام لاتی ہے، کوالٹی ایجوکیشن کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، معیاری تعلیم ترجیح ہے، سکولوں میں داخلے کی شرح کو بڑھانا ہوگا، ٹیکس اکٹھا کرنا ،موثر انداز میں استعمال بے حد ضروری ہے، جیسے زندہ رہنے کےلئے پانی، ہوا لازمی ہے اسی طرح تعلیم بھی ضروری ہے، انسانی معاشرے کی تشکیل علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں ہے۔

پاکستان ٹیلیویژن کے ہزارگی زبان کے افتتاحی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاپاکستان وفاق کی حیثیت سے اپنی ثقافتوں، روایات اور زبانوں کے تنوع سے تقویت حاصل کرتا ہے، بلوچستان کا اصل سرمایہ صوبے کے لوگ، تہذیب ہے، ہزاروں سال کی تہذیب کا مسکن بلوچستان درخشاں روایات کا امین ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا ہزارگی زبان میں پی ٹی وی نشریات شروع کرنے پر دلی خوشی محسوس کررہا ہوں، خطے میں پشتو، بلوچی، ہزارگی، فارسی زبانیں موجود ہیں، بلوچستان میں بولی جانے والی ایک اور زبان کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے، صوبے میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا ترجیح ہے، ہزارہ برادری کے ساتھ قربتیں پرانی ہیں، دہشت گردوں نے بلوچستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا ہے، دہشتگردی کا مقابلہ سب نے ملکر کرنا ہے، ہزارہ برادری میں بڑی تعداد شہدا کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا دہشت گردوں کا مقابلہ ملکر ہی کیاجاسکتاہے،لڑائی لڑ کر فتح یاب ہوں گے، دشمن ایک ہیں، ہمارے اند ر تفریق نہیں ہونی چاہیے،سٹریٹ لڑائی بھی لڑیں گے، جنگ میں ادب پیدا نہیں ہوسکتا، امن ہوگا تو ہی معاشرہ ترقی کرے گا، معیاری تربیت کےلئے تیاری کرنا پڑیگی، دیگر ممالک میں آج بھی پاکستان کی ورک فورس کی ڈیمانڈ ہے اگر معیاری تربیت پر توجہ نہ دی تو پھر باہر کے لوگ پاکستان کی بجائے دوسرے ممالک کی طرف دیکھیں گے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہاوفاقی حکومت اپنی صلاحیت کے مطابق ہر ممکن تعاون فراہم کریگی، 8 فروری کے بعد بھی کسی نہ کسی حیثیت میں خدمات سرانجام دیتے رہیں گے، پروگرام سافٹ انقلاب کی طرف قدم ہے، یوتھ سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے عمل کے تادیر اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیراعظم نے پی ٹی وی بولان کے نئے لوگو کا افتتاح بھی کیا۔

مزید برآں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید برآں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور ناروے کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا پاکستان ،ناروے کے مابین ہر شعبے میں فروغ پاتے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ میں ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں کمیونٹی کا کردار بہت مثبت ہے۔