عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی: حافظ طاہر محمود اشرفی

لاہور (اپنے نمائندے سے) مذہبی ہم آہنگی اور مشرق وسطی و اسلامی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کیلئے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حج اسلام کے پانچ اہم ترین ارکان میں سے ایک ہے، حکومت اگلے سال تمام پاکستانی عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔پیر کو پشاور میں تظیم الحرمین الشریفین کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر کی موثر معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمتوں میں کمی کے بعد رواں سال حج کے اخراجات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حجاج کرام پاکستان کے سفیروں کی طرح ہیں، وہ سعودی عرب کے قواعد و ضوابط اور قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ اور سدا بہار دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک مذہب، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں جبکہ خادم حرمین شریفین کا بے پناہ احترام کیا جاتا ہے۔