اویس احمد بلگرامی وائس چیف آف نیول سٹاف تعینات
اسلام آباد(بیورورپورٹ)وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کو وائس چیف آف نیول سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے،وزارت دفاع نے وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کو وائس چیف آف نیول سٹاف کے طور پر تعینات کر دیا ہے، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں 1989میں کمیشن حاصل کیا،انھوں نے اپنی ابتدائی تربیت برطانیہ کے رائل نیول کالج ، ڈارٹ ماوتھ سے حاصل کی اور وہاں اعزازی شمشیر کے حقدار قرارپائے، اپنے شاندار کیریئر کے دوران فلیگ آفیسر نے مختلف کمانڈ اور سٹاف تقرریوںپر خدمات سرانجام دی ہیں، ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفیسر، کمانڈر کراچی اور کمانڈر پاکستان فلیٹ شامل ہیںجبکہ سٹاف تقرریوں میں کمانڈرپاکستان فلیٹ کے فلیٹ آپریشنز آفیسر اور چیف سٹاف آفیسر ، ہیڈکوارٹرNAVCENTبحرین میں سٹاف آفیسر آپریشنز ، نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر نیول ڈیولپمنٹ پلانز ، ڈائریکٹر نیول آپریشنز ، اسسٹنٹ چیف آف نیول سٹاف (آپریشنل پلانز) اور ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) شامل ہیں، بطور فلیگ آفیسر ، وائس ایڈمرل اویس بلگرامی نے وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکرٹری III کے فرائض بھی سر انجام دیے ہیں،اس وقت وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی بطورچیف آف سٹاف خدمات سرانجام دے رہے ہیں، وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد ، نیول کمانڈ اینڈ جنرل سٹاف کالج فلپائن اور رائل کالج آف ڈیفنس ا سٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں، ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انھیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔

















