دیوار پر لکھی شکست دیکھ کر پیپلز پارٹی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے :رانا تنویر حسین

مریدکے (تحصیل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ دیوار پر لکھی شکست دیکھ کر پیپلز پارٹی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،بلاول بھٹو کی باتوں کا نواز شریف جواب کیا دیں وہ اپنے سیاسی قد سے بڑی باتیں کررہے ہیں ۔مسلم لیگ یوتھ کے ضلعی جنرل سیکرٹری رانا کاشف الرحمن کے ہمراہ مسلم لیگ یوتھ تحصیل مریدکے کے نومنتخب صدر ڈاکٹر سمیع الرحمن ،جنرل سیکرٹری احسان علی اور ضلعی نائب صدر چوہدری علی رضا ریحان میں تقرر نامے تقسیم کرنے کے موقع پر انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے گمراہ کیا ،نفرت کا ایسا بیج بویا کہ سانحہ 9 مئی ہوگیا ۔میاں نواز شریف نے ہمیشہ نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیکر اصلاح کی اور قیادت کی ،انشااللہ آنے والے الیکشن میں مسلم لیگ یوتھ ہراول دستہ ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ میں واضح کردوں کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کلین سویپ کرے گی ،آخری مقدمہ میں بھی کچھ نہیں تھا، میاں نواز شریف سرخرو ہوگئے،یہ قوم انہیں چوتھی مرتبہ وزیر اعظم پاکستان بنانے کیلئے بیتاب ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت سی سیاسی جماعتیں میاں نواز شریف سے الیکشن کے سلسلہ میں رابطہ کررہی ہیں ،استحکام پارٹی سمیت کئی جماعتیں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات کررہی ہیں مگر میاں نواز شریف اس کسی سیٹ پر بات نہیں کریں گے جہاں ہمارا پرانا کارکن ہو اور اس نے مصیبت کے وقت ساتھ بھی نہ چھوڑا ہو ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں وہ بلاول بھٹو کی باتوں کا کیا جواب دیں ،بلاول بھٹو اپنے سیاسی قد سے بڑی باتیں کررہے ہیں ،شکست کا خوف انہیں پریشان کئے ہوئے ہے اسی لئے بوکھلاہٹ میں بیان دے رہے ہیں ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے اور کرداروں پر بات کی ہے کیونکہ کرداروں نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچایا ،کردار ہی ہیں جنہوں نے 2014کے دھرنے کروائے اگر اس وقت احتساب ہوجاتا تو دوبارہ پاکستان کو سیاسی معاشی نقصان سے دوچار نہ ہونا پڑتا۔