ایک جیل سے نکلنے دوسرا بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا، کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا: بلاول

کوہاٹ (بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کےلئے الیکشن لڑ رہا ہے، سابق وزیر خارجہ نے کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم کو بتانا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں کون ملوث تھا، بھٹو کے عدالتی قتل کے سہولت کار کون تھے، جنرل ضیا سے لیکر، ججز، وکیلوں اور سیاستدانوں سمیت جو بھی سہولت کار تھے وہ اس ملک کے مجرم ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے پر لگے خون کے دھبے اپنے ہاتھوں سے دھوئیں گے، انہوں نے کہا ہمیں کہا گیا خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ ہو چکا ہے اس لیے یہاں ورکرز کنونشن نہ کریں، سیاستدانوں کے الیکشن لڑنے کے مقاصد ذاتی ہیں، الیکشن میں کوئی کھلاڑی اور نہ کوئی اور ہمارا مقابلہ کر سکتا ہے، ایک الیکشن اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور دوسرا اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے بچ جائے لیکن میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں،ہم صرف عوام کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں کیونکہ ہمارے قائد نے سکھایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم روایتی تقسیم کی سیاست کو دفن کرکے خدمت کی سیاست کا آغاز کریں گے، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے،بلاول بھٹو نے مزید کہا اٹھارہویں ترمیم پر نہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عملدرآمد کیا نہ نوازشریف نے، 12سال قبل سابق صدر آصف زرداری نے سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجا تھا، آج ٹھیک 12سال بعد قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کیس لگ گیا ہے، پورے پاکستان کو معلوم ہے قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہیدبے قصور تھے، خیبر پختونخوا میں سکیورٹی معاملات ٹھیک نہیں یہاں دہشت گرد پھر رہے ہیں۔