گوجرانوالہ ایکسپریس وے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا:محسن نقوی

لاہور( خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سفاری زو پارک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسفاری پارک لاہو رکو سنگا پور سفاری پارک کی طرز پر اپ گریڈ کیا جا رہاہے،انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی سفارشات کے مطابق ہاتھی سفاری پارک میں رہیںگے، شیروں اور دیگر جانوروں کےلئے بہترین صفائی کاانتظام کیاجارہاہے،بڑی تعداد میں نئے جانور لائے جارہے ہیں، سفاری پارک کی اپ گریڈیشن 31جنوری تک مکمل کرلی جائےگی، سفاری پارک کی اپ گریڈیشن کا پلان انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کےساتھ مل کر طے کیاہے، بوٹ سفاری ، لائن سفاری او رجانوروں کےلئے سفاری علیحدہ علیحدہ ہوگی،ہمارے ملک میں جانوروں کےلئے ایس او پیز فالو نہیں ہوتے ،ہم اب ایس او پیز کو یقینی بنا رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا چائنہ سے پانڈا لانے کی کوشش کررہے ہیں، جانوروں کو بہترین علاج اور خوراک کی سہولت دی جائے گی، اگر کوئی شہری ایڈونچر کےلئے سیڑھی لگا کر شیروں کے پنجرے میں آ جائے تو قصور سکیورٹی کا نہیں بنتا، شہری جانوروں کے ممنوعہ علاقے میں جانے سے گریز کریں، محسن نقوی نے سفاری پارک کا دورہ کیااوراپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے شیر گھر، جھیل، ہرن اور دیگر جانوروں کے پنجروں کا معائنہ کیا،وزیر اعلیٰ نے بوٹ میں بیٹھ کر جھیل کی سیر بھی کی مزید برآں وزیر اعلیٰ نے گوجرانوالہ ایکسپریس وے کا تفصیلی دورہ کیا اور لاہور،سیالکوٹ موٹروے کےساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کےلئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے15.2کلومیٹر طویل دو رویہ کیرج وے کا واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک پورے پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی مشاہدہ کیا،انہو ں نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اورجی ٹی روڈ پر ایک فلائی اوور پراجیکٹ کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے کہا چن دا قلعہ کو بھی ری ڈیزائن کیا جائے گا، اگلے ماہ تک منصوبہ 100 فی صد مکمل کر لیا جائےگا، گوجرانوالہ ایکسپریس وے جدید سفری سہولیات کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،گوجرانوالہ سے لاہور کا سفر 45 منٹ میں طے ہو سکے گا،ہزاروں مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولت حاصل ہو جائے گی،گوجرانوالہ کےلئے یہ میگا پراجیکٹ پنجاب حکومت کا تحفہ ہے،وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا پراجیکٹ کا 72فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال نے وزیر اعلیٰ کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی،کمشنر گوجرانوالہ اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے بھی منصوبے سے متعلق امور کے بارے بریف کیا،سیکرٹری تعمیرا ت ومواصلات،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن،،ڈپٹی کمشنر اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر اعلی پنجاب نے محکمہ تعمیرات ومواصلات کا بھی دورہ کیا اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار محسن نقوی نے محکمہ تعمیرات و مواصلات میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مختلف شعبے دیکھے اور عمارت کی تعمیر و بحالی کے کام کا جائزہ لیا ، محسن نقوی نے قدیم عمارت کو اصل حالت میں بحال کرنے کی ہدایت کی۔