خلیل الرحمن نے فلم سے نہیں نکالا تھا، میں نے خود انکار کیا: ایمان علی

کراچی (مشرق نیوز) مقبول اداکارہ ایمان علی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں لکھاری خلیل الرحمٰن کی لکھی گئی فلم سے انہیں نکالا نہیں گیا تھا بلکہ انہوں نے خود مذکورہ فلم میں کام سے انکار کیا تھا۔ایمان علی سے متعلق خبریں تھیں کہ وہ ہمایوں سعید کی فلم ’میں پنجاب نہیں جاو¿ں گی‘ میں کاسٹ کرلی گئی ہیں لیکن عین وقت پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔بعد ازاں خلیل الرحمٰن قمر نے ایک پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ہی ایمان علی کو فلم سے نکالا۔تاہم اب ایمان علی نے واضح کیا ہے کہ انہیں نکالا نہیں گیا بلکہ انہوں نے خود فلم کی کہانی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس میں کام کرنے سے انکار کیا تھا۔ایمان علی حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’گپ شب‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف مسائل پر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ وہ سستی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں رہتیں، وہ اس وقت ہی متحرک ہوتی ہیں جب کہ ان کی کوئی فلم یا ڈراما ریلیز ہونے والا ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں ڈراموں سے زیادہ فلموں میں کام کرنا پسند ہے اور وہ زیادہ تر ایکشن اور کامیڈی فلموں میں کام کرنا پسند کریں گی۔