لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں305 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے149 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ12 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں14 کمرشل ،2زرعی اور 290 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو287,835 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت11,379,439 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ 87 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل32819 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے32435 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں،31318 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر15491 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک54,991,567 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2,160,536,322 ہے۔واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناءایس ڈی او اتحاد کالونی اپنی ٹیم کے ہمراہ ملت چوک کے علاقے میں معرف بیکری ” ملوا “ کو چیک کیا تو اس کے تھری فیز میٹر کے دو فیز ڈیڈ پائے گئے، مز ید تحقیقات اور ریکارڈ چیک کرنے کے بعد پتہ چلا کہ ملزم کا میٹر ہی بوگس ہے ۔ لیسکو حکام نے بوگس میٹر کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف تھانہ ملت پارک میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے ، ملزم کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 11000یونٹس بھی چارج کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں میکلوڈ روڈ ڈویژن کے علاقے میں لیسکو کی ٹیم نے ”شب دیگ “ نامی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے مالکان کو بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ ملزمان میٹر کا ڈسپلے دانستہ طور پر واش کر کے بجلی چوری کر رہے تھے ، چوری کی بجلی سے اڑھائی ، اڑھائی ٹن کے 6 چلراور 3 اے سی بھی چلائے جارہے تھے ۔ لیسکو ٹیم نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالے تار کو قبضے میں لے کر ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 23450یونٹس چارج کئے ہیں جن کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے ۔ دوسری طرف لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیلداروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 83 روز سے جاری مہم کے دوران48203 ڈیفالٹرز سے ایک ارب 51 کروڑ سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، انکے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔
بجلی چوروں کیخلاف آپریشن،چوبیس گھنٹوں میں 12 ملزم گرفتار، نادہندگان سے ایک کروڑ سے زائد وصولی
















