بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہےگا:چیف ایگزیکٹو لیسکو

لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں125 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے65 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ2 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشن میں4 کمرشل اور 121 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو123100 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت5152488 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ بھاٹی گیٹ کے علاقے میں کنکشن کو 24000یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا،بھاٹی گیٹ کے علاقہ میں کنکشن ہی کو7605یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا،چاہ میراں کے علاقے میں کنکشن کو7605یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا جبکہ داتا نگر کے علاقے میں کنکشن کو7000یونٹس ڈٹیکشن بل عائد کیا گیا۔ 86 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل32505 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے32122 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں، 31128 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر15420 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک54741728 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2146418299 ہے۔واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویڑن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔دریں اثناءترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے ۔ ا س سلسلے میں ایس ڈی او ڈھولنوال نے یتیم خانہ چوک میں کارروائی کرتے ہوئے معروف بابا فرید ہوٹل کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ، ملزم لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگاکر بجلی چوری کر رہے تھے ، چوری کی بجلی ہوٹل کے علاوہ رہائشی کواٹرز کو بھی سپلائی کی جارہی تھی ، لیسکو حکام نے چوری میں استعمال ہونیوالی تار کو قبضے میں لیکر ملزمان کے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی ہے۔ ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 3600 یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ مذکورہ ہوٹل چند روز قبل بھی بجلی چوری کرتے پکڑا گیا تھا ، ہوٹل مالکان میٹرٹمپر کرکے بجلی چوری کر ہے تھے جس پر ملزمان کو جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ دوسری طرف لیسکو کی جوہر ٹاﺅن سب ڈویژن میں ایس ڈی او عرفان علی کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔دوران آپریشن ایک ورکشاپ میں بجلی چوری پکڑی جہاں میٹر کو ٹمپرڈ کر کے بجلی چوری کی جارہی تھی ورکشاپ میں ویلڈنگ پلانٹ، اینگل گرائینڈر اورڈرل مشین کا لوڈ چلایا جا رہا تھا۔موقع پر کنکشن منقطع کر دیا گیا اور ایف آئی آر کی درخواست متعلقہ تھانہ میں جمع کروا دی گئی۔ محکمہ کی جانب سے ملزم کو 100,000جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔