آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلاف کا تاثر زائل ہوچکا :یوسف رضا گیلانی

لودھراں (بیورو رپورٹ) لودھراں میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدر مملکت، الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس کی یقین دہانی کے بعد الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی معروف کاروباری شخصیت رشید دھمرایا کے والد نذر دھمرایا کی برسی میں شرکت کیلئے لودھراں آئے۔ اس موقع پر سیاسی شخصیت مہر اشرف کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو دونوں ایک پیج پر ہیں اورکوئٹہ جلسے کے بعد آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلاف کا تاثر زائل ہوگیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو بیک فٹ پر لے جانے سے فرق نہیں پڑتا، وہ فرنٹ فٹ پر ہی کھیلے گی اور سندھ میں پہلے سے زیادہ موثر اور مضبوط ہو کر ابھرے گی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو معروضی حالات کے مطابق اپنے بیان دے رہے ہیں ، یہ تاثر ختم ہونا چاہیے کہ کوئی فیورٹ ہے، الیکشن فری اینڈ فیئر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہم کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے کیونکہ پیپلزپارٹی کا موقف ہے اپنے منشور کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب پسماندہ اور ٹیل کا علاقہ سمجھا جاتا ہے، اس میں احساس محرومی ہے۔ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی صوبے کی، اس خطے کی محرومی کی بات کی، ابھی بھی ہم بات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر پریس کلب مخدوم فیاض حسین قریشی، پیر سید ظفر علی شاہ، سابق چیئرمین ضلع کونسل میاں راجن سلطان پیر زادہ، امداد اللہ عباسی، غلام عباس گھاڑو، شیخ طاہر الدین، آفتاب بابر خان، سید زوار شاہ، میاں نیاز سومرو، اے ڈی ملک، ملک اسلم انصاری ،سابق ایم پی اے شاہ محمد جوئیہ بھی موجود تھے۔