انتظامیہ کے بجائے اپنے بل پر الیکشن لڑیں ، میاں صاحب ووٹ کو عزت دیں بے عزتی نہ کریں:بلا ول بھٹو

کوئٹہ(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نواز شریف ووٹ کو عزت دلوائیں اس کی بے عزتی نہ کریں، انتظامیہ کے بجائے اپنے بل پر الیکشن لڑیں، کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ بادشاہ کی طرح ملک میں آو، دربار میں سب کی حاضری لگواو اور الیکشن کی ہوا بناو، ساری کوششیں کرنے کے باوجود ان کی ہوا نہیں بن رہی، انہیں اپنے گھر پنجاب میں انڈوں اور ٹماٹروں کا سامنا ہے،پی پی پی چیئرمین نے کہا سیاسی جماعتیں ڈیلیور کرکے ہی اپنی اسپیس واپس لے سکتی ہیں، ہر الیکشن میں کچھ لوگ یہ تاثر دیتے ہیں کہ ان کی حکومت آرہی ہے، ان لوگوں کو عوام بہترین جواب دیں گے، نیب اپنے کام کرتا رہے، پہلے بھی دیکھا ہے، اب بھی دیکھنے کیلئے تیار ہیں، اداروں کی طرح سیاست دانوں کو بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے، میاں صاحب سے درخواست ہے کہ ووٹ کو عزت دلوائیں، ہم چاہتے ہیں تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، ماضی میں ہر ادارے کو ٹائیگر فورس بنانے کی کوشش کی گئی، پاکستان کی تاریخ میں جو سلیکٹڈ حکومتیں بنیں وہ ناکام رہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے، وقت آگیا ہے منفی سیاست کی بجائے مثبت سیاست شروع کی جائے،پی پی چیئرمین نے کہا لیول پلیئنگ فیلڈ کا باقی جماعتوں کا مطالبہ حالات کے مطابق ہے۔