لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔84 روز میں 32080ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 84 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 15344ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور 31699 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے 30699درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک 54,161,049 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2,121,584,593 ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔یوسف پارک شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو2500یونٹس (200,000) روپے،سنت نگر اسلام پورہ کے علاقہ میں کنکشن کو3000 یونٹس (200,000)روپے،شاد باغ کے علاقے میں کنکشن کو1856 یونٹس150,000 روپے اور ٹاﺅن شپ کے علاقے میں ایک کنکشن کو150,000کی رقم چارج کی گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 329کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،329بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے206درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ20ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانیوالے کنکشنوں میں 4 زرعی،6 کمرشل اور 319 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو371,681 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت15,473,089 روپے ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔
بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا:چیف ایگزیکٹو لیسکو
















