لاہور (اپنے نمائندے سے) پاکستان ریلویز انتظامیہ کی طرف سے مسافروں کیلئے محفوظ سفر ی مہم منصوبہ کاغذی کارروائی تک محدود، قلعہ سوبھا سنگھ ریلوے سٹیشن کے قریب سیالکوٹ، نارووال سیکشن ریلوے پل عرصہ 8سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نارووال اور سیالکوٹ سے لاہور آنے جانے والی ٹرینوں کے ساتھ سنگین حادثے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث مختلف ڈویژنز میں ٹریک حادثات کے باعث کثیر تعداد میں مسافر لقمہ اجل اور زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریلویز کو مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ قلعہ سوبھا سنگھ ریلوے سٹیشن کے قریب واقع پل عرصہ 8 سال سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ ریلویز انتظامیہ کو نارووال/سیالکوٹ سیکشن کے مسافرمتعدد بار شکایات درج کروا چکے ہیں۔ نارووال/سیالکوٹ سیکشن کے مسافروں کی جانب سے متعدد بار مختلف ذرائع سے پل کو مرمت کروانے کا مطالبہ کیا گیا اس پل پر سٹاپ ڈیڈ مستقل کاشن لگنے کے باعث ٹرین کو رکنا ہوتا ہے۔ ریلوے ٹرین رکنے کے باعث ڈیزل کی مد میں ریلوے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا ٹیکا بھی لگتا ہے۔ اس ریلوے سیکشن پر اپ ڈاون ملا کر کل ریلوے کی 4 ٹرینوں کی آمدورقت ہے۔ ریلوے ٹرینوں میں لاثانی ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس شامل ہیں۔ علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے کراچی کے درمیان چلائی جاتی ہے۔ ریلویز انتظامیہ نے مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا نارووال ، سیالکوٹ کے ٹرین مسافروں نے پاکستان ریلوے کے سی ای او عامر بلوچ سے پل مرمت کروانے کا مطالبہ کر دیا۔ ٹرین مسافروں کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ریلوے پل نمبر-68 کو فوری طور پر مرمت کروایا جائے۔
محفوظ سفری مہم کاغذی کارروائی تک محدود،ریلوے پل شدید خستہ حالی کا شکار، سنگین حادثے کا اندیشہ
















