عمران پارٹی سربراہ نہ رہے،گوہر خان پی ٹی آئی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب

اسلام آباد ،پشاور (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہرعلی خان بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہوگئے،الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا،انتخابات کے بعد چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں جبکہ سینٹرل سے بیرسٹر گوہر چیئرمین منتخب ہوئے ہیں، بلوچستان سے منیراحمد بلوچ صدر منتخب ہو ئے ہیں جبکہ پنجاب سے یاسمین راشد صدر پی ٹی آئی منتخب ہوئی ہیں، حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ کے صدر جبکہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کےلئے علی امین گنڈا پور کو صدر منتخب کیا گیا ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، اکبر ایس بابر کے اعتراض کو مسترد کرتے ہیں،بعدازاں پی ٹی آئی نو منتخب چیئرمین بیرسٹر گوہرخان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہ ہے اور نہ کریں گے، کیسز میں ہم 300 مرتبہ عدالت پیش ہوئے، فارن فنڈنگ صرف پی ٹی آئی کی دیکھی گئی،بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہم نے ملک کو آگے لیکر جانا ہے ، جو پارٹی سربراہ کا فیصلہ ہوتا ہمارا بھی وہی ہوتا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کا منصب امانت کے طور پر ہوگا،پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کےلئے سکیورٹی دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور ایس ایس پی آپریشنز نے خود سکیورٹی کی نگرانی کی،پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر کی درخواست کے بعد الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا کو سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی تھی علاوہ ازیں پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کےلئے کام کرنے والی غیر سرکاری این جی او پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈویلمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع قرار دیدیا،پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان میں سیاسی جماعتیں فری اینڈ فیئر انتخابات کی باتیں کرتی ہیں لیکن سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آتی، مجھے نہیں لگتا انٹرا پارٹی انتخابات اچھے طریقے سے ہوئے ہیں، عجلت میں الیکشن کرانا پی ٹی آئی کے حق میں نہیں، مجھے لگتا ہے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن متنازع ہیں،انہوں نے کہا پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹرز لسٹ نہیں دی گئی، اکبر ایس بابر کو مقابلہ کرنے کا پورا موقع دیا جانا چاہیے تھا مزید برآں تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے،اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی کے پیش نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی، ہفتے کو الیکشن کمیشن آفس بند ہوتا ہے لہٰذا آئندہ چند دنوں میں چیلنج کریں گے۔