9مئی کو غداری کر کے فوج میں تختہ پلٹنے کی بھیانک کوشش کی گئی ‘ شہباز شریف

لاہور (اپنے رپورٹر سے،کورٹ رپورٹر) سابق وزیر اعظم ومسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کسی کو علم نہیں تھاپی ٹی آئی تحریک تباہی بن کر پورے پاکستان میں تباہی پھیلا دے گی،9مئی کو غداری کی گئی اور فوج میں تختہ پلٹنے کی بھیانک کوشش کی گئی ،آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے ،میرا اور نواز شریف کاعدالتوں میں پیش ہونالیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟،انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا اور انصاف کی طلب کےلئے بلا امتیاز عدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں،الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، قانون ،جمہوری تقاضوں کی بھی منشا ہے،وقت آگیا ہے نواز شریف کی قیادت میں میدان میں اتریں، بدقسمتی سے 5 سال ضائع ہوگئے ،دوبارہ آغاز ہوگا۔

دریں اثنا شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے پارٹی صدر انجینئر امیر مقام اور جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے ملاقات کی ،پارٹی کے تنظیموں امور اور عام انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہباز شریف نے کہا موقع ملا تو خیبر پختونخوا کی ترقی کے رکے سفر کو پھر سے شروع کریں گے، افسوس 10 سال خیبرپختونخوا ترقی سے محروم رہا، خیبرپختونخوا کو امن وترقی کا گہوارہ بنا کر ملکی ترقی کی رفتار تیز کرنی ہے۔