پاکستان کا وجود اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے پاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی بھارت کے اندر مظلوموں کی آواز مضبوط ہوگی، نریندر مودی کبھی مظلوموں کےساتھ کھڑے نہیں ہوئے، بھارت میں اکثریت کے نام پر چھوٹی سی اقلیت کا پرتشدد راج نافذ ہے ،مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک کا پردہ چاک کر رہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام ”بھارت میں اقلیتوں ، کشمیریوں پر ظلم و جبر“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کاز کی اخلاقی، سیاسی ،سفارتی حمایت جاری رکھی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی، فلسطینیوں کے حقوق کےلئے بھی آواز مضبوط ہوئی اور وہ ضرور رنگ لائے گی۔