لاہور( خبر نگار ) بلدیہ عظمیٰ لاہور میں کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کی بنیاد پر زیر التواءپیڈا انکوائریوں کا نامزد ملزم کلرک اپنے سابق عہدے پر بحال ہونے میں کامیاب جبکہ گریڈ 19 کا افسر ناکام۔ چیف افسر نے مبینہ طور پر مالی مفادات کی خاطر اینٹی کرپشن کے مقدمے میں نامزد ملزم کلرک قیصر حنیف کو پی اے ٹو ایم او آر کے عہدے پر دوبارہ بحال کر دیا، تاہم معلوم ہوا ہے کہ کلرک کی تعیناتی اور سابقہ ہسٹری سے متعلق ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کو حقائق سے آگاہ ہی نہیں کیا گیا جبکہ دوسری جانب اینٹی کرپشن کے اسی مقدمے اور پیڈا انکوائری کا سامنا کرنے پر معطل ہونےوالے سابق پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزماں کو بحالی کے فوری بعد ایڈمنسٹریٹر نے عہدے سے ہٹا کر ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ لگا دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پارکنگ انفورسمنٹ، اینٹی انکروچمنٹ، سپیشل سکواڈ کے سٹور کے ساتھ ساتھ زونوں کے ریڈ انسپکٹروں نے کلرک قیصر کے حکم پر چیف افسر اور ایم او ریگولیشن کو اکھٹی ہونے والی رواں ماہ کی منتھلی روک دی تھی، کلرک نے تمام ملازموں پر باور کرا رکھا تھا کہ اس کی چیف افسر کے ساتھ ٹھن گئی ہے اسلئے وہ جلدی بحال ہوجائیگا اور دوبارہ سیٹ پر بیٹھ کر خود افسروں کی حیثیت کے مطابق منتھلی طے کرے گا، جس کے بعد مالی دباﺅ کا شکار مزکورہ افسر کلرک کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور دکھائی دئیے، چنانچہ یہ آرڈر اسی دباﺅ کا شاخسانہ معلوم ہو رہے ہیں۔
بلدیہ عظمیٰ، کرپشن کا نامزد ملزم کلرک سابق عہدے پر بحال
















