اسلام آباد (بیورورپورٹ) نگراں وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کویت کی جانب سے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی منظوری دےدی،تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کےلئے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا،منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے تمر (mangrove) کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں،وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی، وزیر اعظم نے ہدایت کی وفاقی سطح پر دستخط ہونےوالی مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کےساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل جلد اور شفاف طریقے سے ہوسکے،وفاقی کابینہ نے 14 نومبر 2023 کو ہونےوالے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور (CCLC) کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی،وفاقی کابینہ نے 15 نومبر 2023کو منعقدہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔دریں اثنا ایپکس کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کو دہرایا ہے،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کونسل کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں آرمی چیف، نگران کابینہ کے ارکان، نگران صوبائی وزراءاعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے شرکت کی، اجلاس کے شرکا کو مختلف وزارتوں نے متعین شدہ اہداف کے بر وقت حصول میں سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی،ذرائع کا کہنا ہے کمیٹی نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اب تک کے اقدامات پر پیشرفت کو اطمینان بخش قرار دیا ہے،اجلاس میں ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے منصوبوں اور خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔دوسری طرف آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرسے امام کعبہ صالح بن عبداللہ بن محمدحمیدکی راولپنڈی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،آرمی چیف نے جی ایچ کیوآمدپرمعززمہمان کا خیرمقدم کیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز پاکستان ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرسےامام کعبہ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید کی راولپنڈی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی ،اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کیلئے اعزاز کی بات ہے،دنیا بھر کے مسلمان حرمین شریفین کیلئے بے پناہ عقیدت اور احترام رکھتے ہیں اسلام امن اوربھائی چارے کا مذہب ہے،اسلام میں غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان مثالی تاریخی ،مذہبی اورثقافتی تعلقات ہیں پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کی عقیدت ہے دونوں برادرممالک کے درمیان اتفاق رائے کے علاوہ مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں غزہ اورمقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں پرجاری مظالم کی مذمت کی گئی ملاقات میں فلسطین اورکشمیرکےعوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاگیا،امام کعبہ نےامت مسلمہ کےامن، استحکام اوراتحاد کیلئے دعا کی۔
کویت پاکستان میں10ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا،وفاقی کابینہ نے7منصوبوں کی منظوری دیدی

















