بارڈر مارکیٹس کا اہم سنگ میل، ایران کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ ملے گا: عرفان اقبال شیخ

کراچی (بیورو رپورٹ) صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے آگاہ کیا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس کے ایک اعلیٰ سطحی دورے میں پاکستان میں ایران کے سفیررضا امیری مقدم نے بارڈر مارکیٹس کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہو ئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ ملے گا ۔عرفان اقبال شیخ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ تجارت بڑھانے سے پاکستان کے تجارتی خسارے کے دائمی مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے کیونکہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے اور زمینی راستے کی وجہ سے شپنگ اور لاجسٹکس کے اخراجات نسبتاً بہت کم آتے ہیں۔ صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے اپنے اس مقف کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینلز کی کمی کی وجہ سے ایران کو پاکستانی برآمدات بڑھانے میں مشکلات در پیش ہیں اور ایک موثر اور فعال کرنسی سویپ میکانزم اس مسئلے کو حل کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔نائب صدر ایف پی سی سی آئی شوکت عمرسن نے روشنی ڈالی کہ بہت سی پاکستانی مصنوعات اور خدمات ایسی ہیں کہ جنہیں پاکستان بڑی تعداد میں ایران کو برآمد کر سکتا ہے جن میں چاول، پھل، سبزیاں، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، آلات جراحی، فارما سیوٹیکلزاور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات کا ایران میں بہت پو ٹینشل ہے۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی شوکت عمرسن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 2.4 ارب ڈالر کی باہمی تجارت دونوں ممالک کی 300 ملین سے زیادہ کی مشترکہ آبادی کے پو ٹینشل کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ انہوں نے TIR کنونشن میں پاکستان کی شمولیت سے حاصل ہونے والے زمینی نقل و حمل کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم وسطی ایشیائی ممالک، ترکیہ اور اس سے بھی آگے ایرانی ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے زمینی راستوں کو منافع بخش انداز میں استعمال کر سکتے ہیں۔پاکستان میں ایران کے سفیررضا امیری مقدم نے تجویز پیش کی کہ ایران پیٹرو کیمیکل اور توانائی کے ذرائع پیدا کرنے والے دنیا کے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان زیادہ تر درآمد شدہ تیل اور توانائی کے دیگر ذرائع پر منحصر ہے۔چنانچہ پاکستان کو ایران کی قابل اعتماد اور سستی انرجی سپلائی کے ذریعے اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایرانی ذرائع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔رضا امیری مقدم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستانی چاول اپنے ذائقے کی وجہ سے ایران میں مقبول ہیں اور پاکستانی ٹیکسٹائل تو دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین مضبوط ثقافتی اور مذہبی رشتے بھی قائم ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ پیپل ٹو پیپل؛ بزنس ٹو بزنس اور چیمبر ٹو چیمبر روابط بڑھانے کی اپنی خواہش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ہمیں دونوں ممالک کے درمیان بز نس ٹو ارزم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ساتھ ہی ساتھ، ایرانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی تاجر برادری کو ویزوں میں آسانی اور ایران میں ہونے والی تجارتی نمائشوں اور فیئرز میں شرکت میںسہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔